لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت اپنی حماقتوں سے باز نہ آیا تو اسے بدترین شکست سے دوچار ہونا پڑیگا، پاکستان 65 ءکے مقابلے میں آج زیادہ مضبوط اور طاقتور ہے، موجودہ اور سابقہ حکمران ایک ہیں، جنہیں ملکی آزادی اور خود مختاری سے نہیں اپنے اقتدار سے غرض ہے ، یہی لوگ ملک و قوم کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے قرضوں کے جال میں پھنسانے کے مجرم ہیں۔بھارت کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہیں مگر حکمران اس کو پسندیدہ نیشن قرار دیتے ہیں۔ ان کی کرپشن نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیا ہے، پاکستان کے تحفظ اور آزادی کو برقرار رکھنے کیلئے مجاہد قیادت کی ضرورت ہے، عوام ظالم جاگیرداروں کے چنگل سے آزادی حاصل کرنے کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے وحدت روڈ گراﺅنڈ میں ہونے والی عزم نو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے لیاقت بلوچ ، اسد اللہ بھٹو، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، میاں مقصود احمد، اظہر اقبال حسن ، عبدالغفار عزیز اور ذکر اللہ مجاہد نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ عوام مداریوں اور شکاریوں کے چکر سے نکلیں اور اسلام اور پاکستان سے محبت کرنے والی قیادت کا ساتھ دیں۔ جماعت اسلامی عوام کی گردنوں کو ان ظالموں کے شکنجے سے آزاد کرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سینکڑوں بتوں کے پجاری مودی نے ایک اللہ کے سامنے جھکنے والوں کو للکارا ہے لیکن ہمارے جوان ایسا سبق سکھائیں گے کہ اسکی آئندہ نسلیں بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرا¿ت نہیں کریں گی۔ سراج الحق نے کہاکہ الیکشن کمشن اپنی اہمیت کھو چکا ہے۔ 2013 ءکے انتخابات میں دھاندلی کا بازار گرم تھا مگر الیکشن کمشن اسے روکنے کے بجائے خوابِ خرگوش کے مزے لیتا رہا۔ انہوں نے کہاکہ اگر 1970 ءمیں الیکشن کمشن اپناکردار ادا کرتا تو پاکستان دولخت نہ ہوتااس لئے الیکشن کمشن کے چار ارکان کو نہیں پورے نظام کو تبدیل ہونا چاہئے۔ چند ایک کو ہٹا کر کوئی تبدیلی نہیں آئیگی۔ قبل ازیں کانفرنس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق خود پرجوش انداز میں نعرے لگواتے رہے جو پاکستان سے ٹکرائے گا پاش پاش ہو جائے گا۔ کانفرنس میں سکولز کے بچوں، بچیوں نے دل موہ لینے والے ٹیبلوز پیش کئے۔ لیاقت بلوچ کے کمسن پوتے احمد ریان بلوچ نے نعت پیش کرکے سماع باندھ دیا۔ شرکاءکی جانب سے مرد مومن مرد حق سراج الحق سراج الحق کے متواتر نعرے گونجتے رہے۔ اکثر سکولز کے بچوں نے فوجی یونیفارم پہن رکھی تھیں۔
سراج الحق