اسلام آباد (شفقت علی/ دی نیشن رپورٹ) وزیراعظم محمد نوازشریف جو اس وقت غیرلچکدار رویہ رکھنے والی ایم کیو ایم کو رام کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی ٹیم سے کہا ہے کہ وہ پاکستان پیپلزپارٹی کو پارلیمنٹ سے استعفوں کی بات کرنے سے روکے کیونکہ ایسی صورت میں غیرجمہوری قوتوں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر رحمن ملک کا حالیہ بیان وزیراعظم کے لئے ایک طرح کے صدمہ کا باعث ہے۔ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ اس سے قبل کہ بہت دیر ہو جائے اس صورتحال کو کنٹرول کرلیا جائے۔ یہ بات وزیراعظم کے قریبی ساتھی نے دی نیشن کو بتائی ہے۔ رحمن ملک نے کہا تھا کہ پیپلزپارٹی کے دبئی میں ہونے والے اجلاس میں استعفوں سے متعلق بات ہو سکتی ہے۔ پیپلزپارٹی کی یہ دھمکی محض علامتی بھی ہو سکتی ہے لیکن اس وقت جبکہ حکومت ایم کیو ایم سے ڈیڈ لاک کی پوزیشن میں ہے اور ایسی صورت میں کسی بڑی سیاسی جماعت کی جانب سے استعفے کی بات کرنا ایک منفی سگنل ہو گا۔ حکومت پیپلزپارٹی کو نیا محاذ کھولنے سے روکنا چاہتی ہے۔
پیپلزپارٹی کو استعفوں کی بات کرنے سے روکا جائے: وزیراعظم کی اپنی ٹیم کو ہدایت
Sep 07, 2015