لاہور (خبرنگار) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اگر سپریم کورٹ نے میرے حلقے میںدوبارہ انتخاب کا حکم دیا تو اس کےلئے بھی تیار ہیں، عوام تین بار مسلم لیگ(ن) کو حکومت دے چکے، آئندہ بھی عوامی عدالت میں سرخرو ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غازی روڈ کی از سر نو بحالی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مسائل کے حل کےلئے وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں محنت سے کام کر رہے ہیں اور 2017ءتک لوڈ شیڈنگ کے بحران پر کافی حد تک قابو پا لیں گے۔ دہشت گردی پاکستان کے بڑے مسائل میں سر فہرست ہے، اسکے خاتمے کیلئے کام جاری ہے۔ کراچی میں کلین اپ آپریشن شروع ہے کیونکہ کراچی نہیں چلے گا تو پاکستان نہیں چلے گا۔ ابھی بھی یہی کہتے ہیں کہ تمام جماعتیں اپنی صفوں سے جرائم پیشہ عناصر کو نکال باہر کریں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کراچی کو بدروحوں سے نجات دلائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان محض باتیں کرتے ہیں اور الزامات کی سیاست کرتے ہیں۔ انہیں خیبر پی کے میں حکومت ملی وہ اسے لاہور سے بھی اچھا بنا کر دکھائیں۔ انفراسٹراکچر بہتر بنائیں اور اداروں کو ٹھیک کریں۔ لیکن وہ ہر وقت چور کہنے کی رٹ لگائے رکھتے ہیں لیکن وہ اپنے گریبان میں کبھی نہیں جھانکتے۔ وہ جس پارلیمنٹ کو جعلی کہتے تھے اس میں واپس بھی آگئے دھرنے سے انہوں نے اربوں روپے کا نقصان کیا اور عوام کو ذہنی مریض بنایا۔ انہوں نے کہا این اے 25 کے حوالے سے سپریم کورٹ سے ہم نے رجوع کیا ہے۔ عدالت کا جو بھی فیصلہ ہو گا ہمیں قبول ہو گا اگر دوبارہ انتخاب کا حکم دیا گیا تو ہم اس کے لئے بھی تیار ہیں ہم الیکشن سے ہرگز فرار نہیں ہو رہے صرف سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار ہے۔
سعد رفیق
سپریم کورٹ نے حکم دیا تو این اے 125 میں ضمنی الیکشن کیلئے تیار ہیں: سعد رفیق
Sep 07, 2015