قومی ایکشن پلان پر مو¿ثر عملدرآمد‘ نثار نے مدارس کی 5 تنظیموں کا غیرمعمولی اجلاس آج بلا لیا

اسلام آباد (محمد نواز رضا+ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے نیشنل ایکشن پلان پر موثر طور پر عملدرآمد کرنے کیلئے اقدامات کئے۔ وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے آج دینی مدارس کی 5 تنظیموں کا غیرمعمولی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ وہ دہشت گردی کے سلسلے میں حکومتی اقدامات کے بارے میں اعتماد میں لیں گے۔ دینی مدارس کی قیادت کے پہلے اجلاس کی صدارت چودھری نثار کریں گے۔ اجلاس میں بنیادی نوعیت کے فیصلے کئے جائیں گے۔ اجلاس کے بعد دینی مدارس کی تنظیموں کا دوسرا اجلاس وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیرصدارت ہوگا جس کے اختتام پر اعلانیہ بھی جاری ہوگا۔ ذرائع کے مطابق چودھری نثار نے آرمی چیف کو بھی اجلاس میں مدعو کیا ہے۔ چاروں وزرائے اعلیٰ کا ایک اور اجلاس 10ستمبر کو طلب کیا گیا ہے، اس اجلاس کی صدارت بھی نثار کریں گے۔ چاروں وزرائے اعلیٰ کے اجلاس میں ابتدائی امور زیر غور لانے کے بعد اسی روز مرکزی ایپکس کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت ہوگا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ چودھری نثار نے اتوار کو نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا تہیہ کررکھا ہے، اس سلسلے میں دینی مدارس کی قیادت کو اعتماد میں لیکر اقدامات کئےجائیں گے۔ حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کا تہیہ کررکھا ہے۔ سیاسی و عسکری قیادت دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ایک ”صفحہ“ پر ہے۔ بہت جلد قوم کو ایک پرامن خوشحال پاکستان دیں گے۔
نیشنل ایکشن پلان

ای پیپر دی نیشن