شارع فیصل پر ٹریفک کی روانی بحال, فیصل واوڈا گرفتار; تحریک انصاف کاحتجاج سے کوئی واسطہ نہیں،عمران اسماعیل

 پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کو گرفتار کرلیا۔فیصل واوڈا شارع فیصل پر اسٹیل مل ملازمین اور تحریک نوجوانان پاکستان کے مظاہرین سے خطاب کر رہے تھے۔جیسے ہی ان کی تقریر ختم ہوئی ایس ایس پی ملیر را انوار موقع پر پہنچے اور فیصل واوڈا کو حراست میں لے کر بکتر بند گاڑی میں اپنے ہمراہ لے گئے۔ کراچی میں شارع فیصل پر اسٹیل مل ملازمین اور تحریک نوجوانان پاکستان کے احتجاج کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔تحریک نوجوانان پاکستان اور اسٹیل مل ملازمین نے شارع فیصل پر اسٹار گیٹ کے سامنے احتجاج کیا جس کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔شدید ٹریفک جام کے باعث شہریوں کو کئی گھنٹوں تک اذیت برداشت کرنا پڑی، جبکہ قیدیوں کی وین بھی ٹریفک جام میں پھنس گئی۔شارع فیصل جیسی اہم شاہراہ پر ٹریفک کی صورتحال ابتر ہونے کے کئی گھنٹے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور مظاہرین کو پرامن طور پر منتشر ہونے کا کہا، لیکن مظاہرین نے ہٹنے سے انکار کردیا۔مظاہرین کی جانب سے احتجاج ختم نہ کرنے کے فیصلے کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا اور پکڑ دھکڑ شروع کی اور اسی دوران فیصل واوڈا کو بھی حراست میں لیا گیا۔پولیس کے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے اور شارع فیصل پر ٹریفک کی روانی بحال ہوگئی،واضح رہے کہ دوپہر 3بجے سے احتجاج کی وجہ سے شارع فیصل اور اطراف کے علاقوں میں شام تک بدترین ٹریفک جام تھا،۔ دوسری جانب عمران اسماعیل کا کہنا تھا تحریک انصاف کا اس احتجاج سے کوئی واسطہ نہیں۔ فیصل واوڈا ایک شہری کی حثیت سے مظاہرے میں شامل تھے۔

ای پیپر دی نیشن