چوک اعظم+ نوشیرو فیروز (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت رپورٹ) سگندل باپ نے تین معصوم بچیوں کو سیر کے بہانے عنائیت نہر پر لے جا کر دھکا دے دیا اور خود کنپٹی پہ پسٹل سے فائر کر کے خود کشی کر لی۔ باپ سمیت تین بچیوں کی نعشیں پولیس نے برآمد کر لیں۔ وارڈ نمبر 5 نزد پرانا ہسپتال کے قریب کا رہائشی رانا نوید اقبال والد حاجی رانا محمد اقبال گزشتہ صبح اپنی تین بیٹیوں آٹھ سالہ حانیہ کلاس ون کی طالبہ، چھ سالہ حفظہ کے جی کلاس کی طالبہ اور چار سالہ حادیہ کو موٹر سائیکل پر بٹھا کر سیر کے بہانے ٹیل منڈا سے عنائیت نہر کی جانب لے گیا۔ بچیوں کو ایک ایک کر کے نہر میں دھکا دے دیا۔ حانیہ بہنوں کو نہر میں ڈوبتا دیکھ کر مخالف سمیت بھاگ گئی۔ باپ نے پیچھے سے بھاگ کر اسے پکڑ لیا اور نہر میں پھینک دیا اور خود کو اپنے ہی پسٹل سے کنپٹی پر فائر کر کے خود کشی کر لی۔ پولیس اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ڈسٹرکٹ کرائم سین عملہ بھی پہنچ گیا جنہوں نے جائے وقوعہ کے تقریباً دو کلومیٹر کے فاصلے سے تینوں بچیوں کی نعشیں نہر سے برآمد کر لیں۔ پولیس نے باپ اور بچیوں کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بجھوا دیں جبکہ کرائم سین عملہ نے پسٹل موٹر سائیکل اور دیگر شواہد اکٹھے کر تحقیقات شروع کر دیں اور ورثاء کو وقوعہ کے بارے آگاہ کیا تو گھرمیں کہرام مچ گیا۔ پوسٹ مارٹم کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔ رانا نوید احمد ان پڑھ نہیں تھا۔ پرائیویٹ نجی سکولوں میں بطور ٹیچر فرائض سرانجام دے چکا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گھریلو لڑائی جھگڑا اور معاشی حالات نے اس نوبت تک پہنچا دیا جبکہ والد کا کہنا ہے ہمارے گھر کا ماحول دینی ہونے پر ایسے حالات پیدا ہونا سمجھ سے بالاتر ہے۔ چار میتیں اٹھائی گئیں تو ہر آنکھ اشکبار تھی۔ سینکڑوں لوگوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ مزید برآں نوشیرو فیروز میں نومولود بچی کو زندہ دفن کرنے کی کوشش پولیس نے ناکام بنا دی۔ پولیس نے بائی پاس کے قریب ماں بیٹی کو گرفتار کر لیا۔ دونوں خواتین بچی کو کار میں مٹھیانی سے نوشیرو فیروز لائیں۔ گرفتار خواتین سے تحقیقات شروع کر دی گئیں۔
نوشیرو فیروز: نومولود بچی زندہ دفن کرنے کی کوشش: لیہ‘ باپ کی3 کمسن بچیوں کو نہر میں پھینک کر خودکشی
Sep 07, 2017