کابل (این این آئی + آئی این پی) امریکی فوج نے شمالی افغانستان کے صوبے پروان میں تقسیم کیے جانے والے ’’توہین آمیز‘‘ کتابچے پر معذرت کرلی۔ افغان صوبے پروان میں مبینہ طور پر ہیلی کاپٹر سے گرائے گئے ان کتابچوں میں ایک شیر کو سفید رنگ کے کتے کو پکڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے جبکہ اس کتے کے اوپر نعوذ باللہ مقدس عبارت تحریر تھی۔ کتابچے میں مزید درج تھا، ’’اس کتے سے اپنی آزادی لے لو، سکیورٹی فورسز کی مدد کرو اور اپنی سکیورٹی یقینی بنائو‘‘۔ سوشل میڈیا پر بھی لوگوں نے اس کتابچے کو توہین مذہب قرار دیتے ہوئے امریکی فوج کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ فیس بک پر ایک شخص نے لکھا کافر مر جائیں اور ان کے غلام بھی مر جائیں۔ ایک اور صارف نے اپنے پیغام میں لکھا کہ اسلام کی بے حرمتی والا پروپیگنڈا پیغام ایسے ملک میں پھیلا رہا ہے جہاں پر مسلمانوں کی تعداد 99.9 فیصد ہے۔ بعدازاں امریکی اور نیٹو سپیشل افواج کے سربراہ میجر جنرل جیمز لِنڈر نے اس کتابچے کے ڈیزائن پر معذرت کرتے ہوئے اسے ایک غلطی قرار دیا اور کہا کہ معافی مانگتا ہوں۔ اس معاملے پر پوری دنیا کے مسلمانوں میں اشتعال پیدا ہوگیا۔ جیمز نے مزید کہا اسلام اور دنیا بھر میں اپنے مسلمان شراکت داروں کا احترام کرتے ہیں۔