لاہور(خبرنگار) پاکستان میں چین کے سفارتخانے کے بعد چین کی وزرات خارجہ کے ترجمان نے بھی ملتان میٹرو بس پراجیکٹ میں مبینہ کرپشن کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیانگ سو میں یابیٹ ٹیکنالوجی کمپنی کے پاکستان میں کسی کمپنی یا فرد کیساتھ سرمایہ کے تبادلے کے اقتصادی روابط نہیں پائے گئے اور چین کی سکیورٹیز ریگولیٹری کمیشن (سی ایس آر سی) نے ثبوت کیلئے متعلقہ پاکستانی حکام کی طرف سے کوئی لیٹرز بھی پیش نہیں کئے ہیں۔ یہ بات چین کی وزارت خارجہ امور کے ترجمان جینگ شوانگ نے پریس بریفنگ کے دوران بتائی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ چین کی سکیورٹیز ریگولیٹری کمیشن (سی ایس آر سی) جلد ہی یابیٹ ٹیکنالوجی کمپنی کے خلاف سکیورٹیز خلاف ورزیوں پر جرمانوں کا اعلان کرے گا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ سی ایس آر سی نے پاکستانی حکام کے تعاون سے فرم کیخلاف تحقیقات کی تھیں۔ پاکستان میں کسی کمپنی یا فرد کیساتھ سرمایہ کے تبادلے کے اقتصادی روابط نہیں پائے گئے۔ مزید برآں سی ایس آر سی نے اعلامیہ میں کہا کہ 2015 ء اور ستمبر 2016ء کے درمیان بھی اس کمپنی نے تجارتی معاہدوں میں جعلسازی کی تھی۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے پاکستان میں چین کے قائم مقام سفیر لی جیان زا نے وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف کرپشن الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ جعلی چینی کمپنی کے ذریعے رشوت لینے کے حوالے سے رپورٹس غلط ہیں۔ سفیرکا کہنا تھا چین پاکستان کی مستحکم ترقی اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کیلئے کام کیلئے تیار ہے۔