سینیٹر طلحہ محمود نے روہنگیا مسلمانوں کیخلاف مظالم پر سینٹ میں بحث کیلئے تحریک التوا توجہ مبذول نوٹس اور قرارداد جمع کرا دی

Sep 07, 2017

اسلام آباد (این این آئی) سینٹ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے پارلیمانی لیڈر اور قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کے چیئرمین سینیٹر طلحہ محمود نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے بہیمانہ قتل اور ان پر مظالم کو سینٹ میں زیر بحث لانے کے لئے تحریک التوائ، قرارداد اور توجہ مبذول نوٹس اور 218 کی تحریک جمع کرا دی ہے۔ بدھ کو ان کی طرف سے سینٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی تحریک التواء میں کہا گیا ہے کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام جاری ہے، ان کی لاشوں کو بھی جلایا جا رہا ہے، وہاں کی حکومت بھی ان مظالم میں شریک ہے اور ان پر زمین تنگ کر دی گئی ہے۔ اس اہم معاملے پر معمول کی کارروائی روک کر فوری بحث کی جائے۔ انہوں نے اس معاملے پر توجہ مبذول نوٹس اور 218 کی تحریک جمع کرانے کے علاوہ ایک قرارداد بھی پیش کی ہے جو سینٹ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ قرارداد میں حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت پاکستان متاثرین کی مدد کے لئے وفود امدادی سامان اور ادویات بھجوائے اور انہیں قحط اور بیماریوں کے ہاتھوں مرنے سے بچانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

مزیدخبریں