کراچی: غیرت کے نام پر جوڑا قتل فائرنگ سے نوجوان جاں بحق

Sep 07, 2017

کراچی (کرائم رپورٹر) ابراہیم حیدری کے علاقے علی بروہی گوٹھ میں غیرت کے نام پر نوجوان جوڑے کے قتل کے انکشاف پر پولیس نے مقتولین کے ورثاءکو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولہ بخت تاج اور مقتول عبدالرحمان عرف کاکو کو یوم آزادی کے موقع پر جرگے کے حکم پر کرنٹ لگا کر مارا گیا اور بعد میں غسل اور کفن کے بغیر خاموشی سے دفن کر دیا گیا تھا اس واقعہ کا پتہ چلنے پر مقدمہ الزام نمبر148/2017 درج کیا گیا اور مقتولہ بخت تاج کے باپ حکمت خان اور چچا زر خطاب جبکہ مقتول عبدالرحمان کے باپ افضل خان اور چچا شیر افضل کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ جرگے میں دونوں کو موت کی سزا سنانے والے ملزم سرتاج سرتاج کی تلاش جاری ہے۔ جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ایک نوجوان ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سرجانی کے علاقے تیسر ٹاﺅن میں مسلح افراد نے ایک نوجوان18 سالہ محمد عرفان ولد محمد کریم کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا اور فرار ہوگئے جبکہ گلشن معمار کے علاقے احسن آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص65 سالہ نصیر الدین ولد شرف الدین زخمی ہوگیا۔ دریں اثناءرینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران ایم کیو ایم لندن کے دو کارکنوں سمیت دس ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پاکستان رینجرز سندھ کے ترجمان کے مطابق سعود آباد اور درخشاں سے ایم کیو ایم لندن کے دو کارکنوں محمد عاطف عرف ببلی اور عامر علی کو گرفتار کیا گیا جو وال چاکنگ اور دیگر جرائم میں ملوث تھے۔ پریڈی اور عزیز بھٹی کے علاقے سے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان ثاقب عرف شانو اور سمیر کاظمی کی گرفتاری عمل میں آئی۔ سر سید ٹاﺅن سے سٹریٹ کرائم اور موٹر سائیکلیں چھیننے کی وارداتوں میں ملوث ملزمان محمد اصغر اور اشرف عرف لاڈلا کو گرفتار کیا گیا جبکہ شاہ لطیف ٹاﺅن‘ ایئرپورٹ اور بغدادی سے کھالیں چھیننے اور دیگر جرائم میں ملوث چار ملزمان خالد‘ سہیل‘ محمد نعیم اور خالد تنویر کو گرفتار کیا گیا۔
کراچی گرفتار

مزیدخبریں