لوک ورثہ کا ثقافتی وفد بیجنگ میں شاندار پرفارمنس کے بعد وطن واپس پہنچ گیا

Sep 07, 2017

اسلام آباد ( کلچرل رپورٹر) چین کے دارالحکومت بیجنگ میں شاندار پرفارمنس کے بعد لوک ورثہ کا ثقافتی وفد وطن واپس پہنچ گیا۔ لوک ورثہ کی ڈائریکٹر میڈیا صبا سلطانہ نجم کی سربراہی میں چین کا دورہ کرنے والے وفدمیں معروف لوک فنکار قربان نیازی، صوبہ پنجاب سے سبحان نیازی، عاشر نیازیاور مزمل نیازی، صوبہ خیبر پختونخوا سے ضامن اور صوبہ سندھ سے زوار حسین شامل تھے۔ لوک ورثہ کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر فوزیہ سعید نے پاکستانی وفد کی بیجنگ میں شاندار پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ان نوعمر فنکاروں نے اپنے فن کے ذریعے ملک و قوم کی ثقافت کو جس طرح اجاگر کیا وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین دوستی کے لازوال رشتے سے بندھے ہوئے ہیں۔ چینی عوام اور پاکستانی عوام ایک دوسرے سے بے حد محبت کرتے ہیں۔ پاکستانی ثقافتی وفد کی چین میں میں پرفارمنس کو بڑا پسند کیا گیا اور پاکستانی فنکاروں کو پیشکش کی گئی کہ وہ چین آکر اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے فن کی تربیت بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے وفد کی سربراہصبا سلطانہ نجم اور دیگر فنکار بچوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دوست ملک چین میں جس طرح پاکستانی ثقافت کی ترویج و ترقی کی وہ قابل تحسین ہیں۔صبا سلطانہ نجم نے "نوائے وقت"سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لوک ورثہ کے فنکار بچوں کے اس دورے کی دعوت حکومت چین نے دی جس میں شنگھائی کواپریشن آرگنائزیشن کے ممبر ممالک کے بچوں نے کلچرل پرفارمنس دی۔ اس طرح انہوں نے اس تنظیم کے ممبر ممالک کے بچوں کو ایک دوسرے سے ملنے اور ایک دوسرے کی ثقافتی روایات جاننے کا موقع بھی فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزارت خارجہ کے بھی ممنون ہیں جن کے توسط سے لوک ورثہ کے فنکار بچوں کودوست ملک چین میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت پاکستان کی جانب سے چینی بچوں کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی ہے۔ اس طرح کے دوروں سے دونوں ممالک میں دوست کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔وفد میں شامل بچوں سبحان نیازی، محمد اشعر نیازی اور مزمل نیازی نے کہا کہ ہمیں چینی میزبانوں نے بہت پیار دیا ہمیں با لکل بھی ایسا نہیں لگ رہا تھا کہ ہم پاکستان سے باہر کسی ملک میں پرفارم کر رہے ہوں۔ ہم نے چینی زبان کے کچھ جملے بھی سیکھ لئے ہیں چینی زبان سیکھنے میں بہت آسان دکھائی دی ہے۔ ہم نے دیوار چین سمیت وہان کے تاریخی مقامات کی سیر کی ، ہمیں بہت مزہ آیا۔ یہ دورہ ہم زندگی بھر نہیں بھولیں گے ۔جب چینی بچے پاکستان آئیں گے تو ہم ان کا بھرپور خیر مقدم کریں گے۔ انہوں نے لوک ورثہ کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر فوزیہ سعید اور وزارت خارجہ کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی بدولت انہیں بیرون ملک پاکستان کی نمائندگی کرنے اور پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنے کا موقع ملا۔ اس موقع پر لوک ورثہ کے پی آر او محمد احتشام بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں