اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)برما میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف سپریم کورٹ کے وکلاءنے احتجاجی ریلی نکالتے ہوئے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ برمامیں مسلمانوں کے قتل عام اور نسل کشی پر حکومت دوٹوک موقف اپنائے اور عالمی سطح پر اس معاملے کو اٹھائے ، وکلاءکا کہنا تھا کہ تاریخ کی بدترین دہشت گردی کے خلاف حکومت پاکستان روہنگیا کے مسلمانوں کے لئے فوری طور پر ایمرجنسی اقدامات اٹھائے اور ان کی امداد کیلئے سفارتی کمیشن تشکیل دیا جائے ، وکلاءنے روہنگیا کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سپریم کورٹ بلڈنگ سے قومی اسمبلی تک ریلی نکالی ، ریلی میں شدید نعرے بازی کی گئی ۔ گزشتہ روز عدالت عظمیٰ کے وکلاءنے سینئر وکلاءاکرام چوہدری اور صدیق بلوچ کی رہنماءمیں روہنگیا کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد کیا گےا جس میں رائے نواز کھرل ایڈووکیٹ، اسلم گھمن ،نذیر بھٹی ،علی عمران ، رفاقت شاہ ودیگر وکلاءنے شرکت کی ، ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدیق بلوچ ایڈووکیٹ نے کہا کہ جس طرح برما میں مسلمانوں پر ظلم ہورہا ہے اگر اس کو نہ روکا گیا ہر ریاست اپنی ناپسندیدہ اقلیت پر یوں ہی ظلم ڈھانا شروع کردے گی۔ پاکستان بار کونسل نے برما ”میانمار “میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور ملک بدری کی شدید مذمت کرتے ہوئے پیر 11ستمبر کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا ،پاکستان بار کونسل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بار کونسل کے وائس چئیرمین محمد احسن بھون اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی حفیظ الرحمان نے برماکی حکومت کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کی بڑھتی ہوئی نسل کشی اور ملک بدری پر شدید تشویش کا اظہا رکرتے ہوئے کہا ہے کہ برمی فوج کی جانب سے قتل عام اور ظلم وستم کے باعث اب تک سوالاکھ سے زائد مسلمان بنگلہ دیش ہجرت کرچکے ہیں ،جبکہ عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی کے باعث میانمار حکومت نے مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کررکھا ہے۔
اسلام آباد (خبر نگار خصو صی )پیپلز پارٹی اسلام آباد سٹی روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف کل جمعہ کو نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرے گی احتجاجی مظاہرہ سیاہ جھنڈے لہرے جاہیں گے پارٹی کے جھنڈے نہیں لہرائے جاہیں گے پیپلزپارٹی اسلام آباد سٹی کے صدر افتخار شہزادہ نے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی ہے اور اقوام متحدہ، مغرب اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) پر زور دیا ہے کہ وہ اس ظلم کو روکنے، تباہ حال مسلم کمیونٹی کی حفاظت اوربحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ بدھ کو یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے میانمار کے حکام پر زور دیا کہ وہ قتل عام کی رپورٹس کی تحقیقات کرائیں، اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں اور روہنگیا مسلمانوں کے حقوق کی حفاظت کے لئے لازمی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں پر مظالم بین الاقوامی برادری کے ضمیر کے لئے ایک چیلنج ہے۔ دریں اثناءسجادہ نشین دربار بری امام سرکار پیر سید حیدر علی گیلانی نے کہا کہ اقوام عالم اور خصوصی طور پر مسلم امہ کو برما سے تمام سفارتی تعلقات ختم کر کے ان کے سفیروں کو واپس بھیج دینا چاہئے اور اپنے سفارتخانے کے عملے کو بھی واپس بلالینا چاہئے تمام مسلم ممالک کو برما کے مسلمانوں کے لئے اپنے دروازے کھول دینے چاہئے مسلم ممالک پر مبنی فوجی اتحاد کو اس ضمن میں آگے آنا چاہئے کیونکہ یہ معاملہ اللہ کی مخلوق کی حفاظت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا ہے انہوں نے مزید کہا کہ یہ مسلمانوں کا قتل عام نہیں بلکہ انسانیت کی تذلیل ہے