میری وزارت کوئی ایسا کام نہیں کرے گی جو ملک سے بے وفائی کے زمرے میں آئے: فیاض الحسن

Sep 07, 2018

راولپنڈی (عزیز علوی) پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بھارت کی جیل میں طویل اسیری گذارنے اور بھارتی جبر سے زبان کاٹ دینے کی اذیت سے گذرنے والے اپنے قومی ہیرو سپاہی مقبول حسین کی زندگی پر فلم بنائی جائے گی جس کیلئے میں نے ہدائتکار سید نور سے طویل ملاقات کی جس میںانہیں سپاہی مقبول حسین کی قربانیوں اور بہادری پر اعلیٰ پائے کی فلم بنانے کا کہا ہے بھارت ہمارے خلاف منفی فلمیں بنانے میں لگا رہتا ہے ہم اب اپنی ثقافت سے اپنے ہیرو کی شجاعت پر فلم بنا کر ان کی زندگی کے روشن پہلوئوں کو قوم کے سامنے اجاگر کریں گے جس دن وہ فلم ریلیز ہوگی وزارٹ ثقافت کی کوشش ہوگی کہ اس فلم کے پہلے شو میں آرمی چیف تقریب میںبطور مہمان خصوصی شرکت کریں ملی نغمے دل دل پاکستان کے خالق ممتاز شاعر نثار ناسک کی خدمات کو خراج تحسین کیلئے جلد ہی صوبائی وزارت ثقافت ان کے اعزاز میں اعلیٰ پائے کی تقریب منعقد کرے گی صحافیوں اور فنکاروں کی دیکھ بھال کیلئے بھی میری وزارت جلد انقلابی اقدامات کرے گی جن میں معاشی امداد کو بڑھانے پر بھی کام ہورہا ہے صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے ان خیالات کا اظہار نوائے وقت سے خصوصی انٹرویو میں کیا انہوں نے کہا میں نے وزارت سنبھالتے ہی پہلی توجہ پالیسی سازی اور قانون سازی پر دی ہے بجٹ سیشن کے بعد پنجاب اسمبلی میں بل منظور کرایا جائے گا جس میں اطلاعات تک رسائی کا ہر شہری کو حق حاصل ہو جائے گا اور وہ پنجاب میں سرکاری محکمے کے نائب قاصد سے لے کر صوبے کے چیف ایگزیکٹو تک سب کی سرکاری کارکردگی جان سکے گا اور سرکاری مشینری کا اطلاعات تک رسائی کے ذریعے عوامی احتساب کرنے کا مجاز ہوگا وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی وزارت اطلاعات و ثقافت میں کوئی بددیانتی ، اقربا پروری نہیں ہوسکتی میری وزارت میں ایسا کوئی کام نہیں ہوگا جو ملک و قوم سے بے وفائی کے زمرے میں آتا ہے پاکستانی ثقافت کو فروغ دینا ہے پنجاب آئڈل کے نام سے پروگرام شروع کرکے گلوکار ، غز ل گو ، پاپ سنگر ماہرین کی نگرانی میں نئی نسل سے منتخب کئے جائیں گے تاکہ انہیں اپنے فن میں آگے بڑھنے کا موقع ملے یہ مقابلے لاہور ، ملتان ، فیصل آباد ، راولپنڈی میں منعقد کرائے جائیں گے الحمراء اور آرٹس کونسلوں میں یہ مقابلے بڑے پیمانے پر کرائیں گے ایک ایک ہفتے کے یہ شو کرائے جائیں گے جن میں کامیاب ہونے والے نئے فنکاروں کا فائنل مقابلہ الحمراء لاہور میں ہوگا انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آج تک فنکاروں کو آرٹ و ثقافت کی تعلیم دینے کیلئے اکیڈیمی یا کالج نہیں بن سکا میری وزارت اس سلسلے میں بھی جلد اقدامات کرے گی ان کالجوں کا پنجاب یونیورسٹی سے الحاق کیا جائے گا ان اکیڈیمی اور کالجوں میں چھ مال سے دو سال کے کورس کرائے جائیں گے تاکہ وہاں سے جو فنکار تعلیمی سرٹیفکیٹ اور ڈگریاں حاصل کریں انہیں اپنے شعبے میں تعلیم کی بنیاد پر ترقی ملے انہوں نے کہا کہ میں نے وزارت ثقافت کا قلمدان سنبھالتے ہی یہ حکم دیا ہے کہ کسی سینماء گھر پر خواتین فنکاروں کی تصاویر ضرور لگائیں لیکن کسی فنکارہ کی عریاں تصاویر نہیں لگائی جائیں گی خلاف ورزی کی صورت میں پہلے اس سینماء گھر کو جرمانہ کیا جائے گا لیکن اگر سلسلہ نہ رکا تو سینماء سیل ہوجائے گامجھے اطلاع دی گئی ہے کہ اس نوٹیفکیشن کے بعدصوبے کے80 فیصد سینماء گھروں سے عریاں تصاویر والے بورڈ اتر چکے ہیں ہم نے پاکستانی ثقافت کو پروموٹ کرنے کیلئے تیزی سے اقدامات شروع کردئے ہیں جن سے فنکاروں کواپنے فن کے فروغ کیلئے پہلی بار آگے بڑھنے میں موقع ملے گا۔
لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے دفاع وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نزانہ پیش کرنے والے شہدا ہمارے قومی ہیروز ہیں 1965 ء کی جنگ میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے جس جرات، بہادری اور جوانمردی کا مظاہر ہ کرکے دشمن کے ناپاک ارادوں کا ناکام بنایا قوم کو اس پر فخر اور ناز ہے اور زندہ قومیں اپنی ہیروز کو ہمیشہ اسی جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ یاد رکھتی ہیں جس کا مظاہر ہ راولپنڈی میں پاک فوج کی طرف سے یوم شہدا کی خصوصی تقریب کے انعقاد سے کیا گیا ہے۔یہ بات انہوں نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں یوم دفاع کے حوالے سے منعقدہ ایک تصویری نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا اس وقت عسکری اور سیاسی قیادت ایک پیج پر ہے اور اس کامظاہرہ عوام نے امریکی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے موقع پر دیکھ لیا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں پاکستان وفد نے برابری کی سطح پر امریکہ سے مذاکرات کے دوران عندیہ دیا ہم پیسے کے لین دین کے بجائے باہمی عزت و احترام اور برابری کی سطح پر دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور یہی شہدا کے خون سے وفا کا تقاضا ہے۔ مزید برآں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور نمائندہ وفود نے پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان سے راولپنڈی میں ان کے رابطہ آفس میں ملاقات کی اور وزارت اطلاعات و ثقافت کا منصب سنبھالنے پر انہیں مبارک باد دیتے ہوئے گلدستے پیش کئے۔

مزیدخبریں