اسلام آباد سیرینا ہوٹل نے ایک بار پھر ورلڈ ٹریول ایوارڈ جیت لیا

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) ایشیاء اور آسٹریلیا کیلئے ورلڈ ٹریول ایوارڈز کا اعلان ہانگ کانگ میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں کر دیا گیا۔ اس گالا تقریب میں اسلام آباد سیرینا ہوٹل‘دوشنبے سیرینا ہوٹلز اورکابل سیرینا ہوٹل نے علی الترتیب پاکستان‘ تاجکستان اور افغانستان کے بہترین ہوٹلزکا ایوارڈ جیت لیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سیرینا ہوٹلز سالہا سال سے یہ ایوارڈز جیتتی چلی آ رہی ہے۔ اسلام آباد سیرینا ہوٹل کو پاکستان کے سرفہرست ہوٹل کا ایوارڈ سیرینا ہوٹلزکے چیف ایگزیکٹو آفیسر عزیزی بولانی نے وصول کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈ جیتنا محض ایک اتفاق نہیں‘ یہ مخلصانہ کوشش ‘ قابل قیادت پیشہ وارانہ مہارت اور رکاوٹوں کو مواقع میں تبدیل کرنے کے جذبے کا نتیجہ ہے۔ ہم سیرینا ہوٹلز میں قیام کرنے والوں کو بہترین ایسی خدمت فراہم کرتے ہیں جو مقامی ثقافت کی عکاس ہوتی ہے۔ یہ ایوارڈز ہمارے اس عزم کا برملا اعتراف ہے۔ ہم یہ اوارڈز حاصل کرتے ہوئے بڑی خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ ورلڈ ٹریول ایوارڈز عالمی سطح پر ایک مستند ایوارڈ ہے اور اسے جیتنے والے کا فیصلہ ہوٹل میں قیام کرنے والے مہمانوں اور سیاحوں کے ووٹوں سے ہوتا ہے۔ اسلام آباد سیرینا ہوٹلزکی پیرنٹ کمپنی ٹورازم پروموشن سروسز پاکستان نے ISO-900:2008 کوالٹی مینجمنٹ سسٹم کا سند یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ کامیابی کے ساتھ فوڈ سیفٹی مینجمنٹ سسٹم (ISO-22000) کو لاگو کیا ہے۔ سیرینا ہوٹل اسلام آباد پاکستان کا واحد ہوٹل ہے جو بین الاقوامی اکوپیشنل ہیلتھ اینڈ سیفٹی سٹینڈرز (OHSAS 18001) اور انوائر مینٹل مینجمنٹ سٹینڈرڈ (ISO 14001) کا سند یافتہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن