نیلم جہلم ہائیڈرل پراجیکٹ کا معاہدہ ماحولیاتی اور آبی مسائل سے مشروط ہے : راجہ فاروق

Sep 07, 2018

اسلام آباد، مظفرآباد (آن لائن) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے نیلم جہلم ہائیڈرل پراجیکٹ کے معاہدے کو ماحولیاتی اور آبی مسائل سے مشروط کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی اور آبی مسائل کا تدارک ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ دریائے نیلم کا رخ تبدیل ہونے سے مظفرآباد میں زندگی سنگین خطرات سے دوچارہو گئی ہے۔ ان خطرات سے چھٹکارہ ناگزیر ہے۔ مظفرآباد کے لاکھوں عوام کا یہ سنگین مسئلہ لے کر وزیر اعظم پاکستان کے پاس جائوں گا ۔ وزیر اعظم پاکستان اور دیگر متعلقہ اداروں پر پورا یقین ہے کہ وہ ہمارا یہ سنگین مسئلہ حل کریں گے۔ حکومت پاکستان خواہ وہ کسی بھی جماعت کی ہو آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ ہمیشہ فراخدلی کا مظاہرہ کیا۔ مظفرآباد کے عوام نے وطن عزیر کو روشن رکھنے کے لیے بڑی قربانی دی ہے اور آئندہ بھی دیں گے لیکن ان کے سنگین مسائل کا تدارک کیا جانا بھی ضروری ہے۔ مظفرآباد میں دریائے نیلم پر تین جھیلوں کی تعمیر کی ڈیزائننگ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔جن پر 8ارب روپے لاگت آئے گی۔ فنڈز ملتے ہی جھیلوںکی تعمیر کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ دریا کے پانی کو صاف رکھنے کے لیے پٹہکہ سے مظفرآباد تک جدید سیوریج ٹریت منٹ پلانٹس لگائے جائیں گے۔ جدید سیوریج ٹریٹ منٹ پلانٹس کے بغیر ماحولیاتی مسائل کا حل ممکن ہی نہیں۔ جھیلوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ جدید سیویج ٹریٹ منٹ پلانٹس کی تعمیر ناگزیر ہے جن کے لیے فنڈز واپڈا مہیا کرے گا۔آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت، وکلائ،تاجر ،طلبہ اور سول سوسائٹی قومی ایشوز پر اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں۔تمام مکاتب فکر سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس اہم اور سنگین ترین معاملے پر ہمارا ساتھ دیںتاکہ اس سنگین مسئلے کا مستقل حل نکالا جا سکے ۔سنگین ماحولیاتی اور آبی مسائل پر تمام مکاتب فکر سے ملاقات کر کے انھیں اعتماد میں لوں گا۔ سب سے کہتا ہوں کہ کوئی ایسی بات کرنے سے گریز کیاجائے جس سے ملک دشمن قوتوں کو پراپیگنڈے کا موقع ملے اور یہ قوتیں اس بات کو پاکستان کے خلاف استعمال کریں۔ پاکستان ہمارا ملک اور وکیل ہے۔ نیلم جہلم پراجیکٹ 5کھرب روپے کا منصوبہ ہے اس پراجیکٹ کے متاثرین کو 1ارب 42کروڑ روپے معاوضہ جات دئے گئے ہیں اور متاثرین کے لئے کل 3ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ جس میں اضافہ کرایا جائے گا۔ کابینہ اجلاس میں نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ کے سنگین ماحولیاتی مسائل پر تفصیلی غور و غوض کیا گیا ہے اور ان مسائل سے نبرد آزما ہونے کے لیے کابینہ کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ہنگامی بنیادوں پر سفارشات مرتب کر کے تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔ نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ اور مجوزہ کوہالہ پراجیکٹ کے ماحولیاتی مسائل سے متعلق وزیراعظم پاکستان اور وفاق میں متعلقہ وزارتوں اور محکموں سے معاملات اٹھائے جائیں گے حکومت آزادکشمیر ہر قیمت پر نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ کے ماحولیاتی و آبی مسائل کا تدارک کرائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ،وزیراطلاعات مشتاق احمد منہاس ،وزیر خوراک شوکت شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔مظفرآباد میں پیدا ہونے والے سنگین ماحولیاتی مسائل کے تدارک کے لیے جدید سیویج ٹریٹ مٹ پلانٹس کی تعمیر ناگزیر ہے اس وقت سیوریج کا سنگین ترین مسئلہ پیدا ہو گیا ہے جب تک ماحولیاتی مسائل حل نہیں ہو جاتے اس منصوبے کا معاہدہ نہیں کریں گے۔ ایک دوسرے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کر کے انہیں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا اور وزیر خارجہ کو اقوام متحدہ کے ادارے انسانی حقوق کمشن کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر مبنی رپورٹ سے آگاہ کیا ۔ وزیر خارجہ سے کہا ہے کہ وہ حریت کانفرنس اور آزاد کشمیر کی ساری سیاسی قیادت سے ملاقات کر کے انھیں اعتماد میں لیں تاکہ مسئلہ کشمیر پر حکومت پاکستان کا موقف ایک مرتبہ پھر دنیا کے سامنے آئے ۔وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر پر کشمیریوں کی بھرپور سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مزیدخبریں