یوم دفاع شہدا قومی جذبہ کیساتھ منایا گیا‘ جدید ٹینکوں ہتھیاروں کی نمائش

Sep 07, 2018

لاہور/کوئٹہ/ اسلام آباد/ کراچی (خصوصی رپورٹر+خبرنگار+ بیورو رپورٹ+ ایجنسیاں) لاہور سمیت ملک بھر میں 53واں یوم دفاع و شہداءگزشتہ روز جوش و خروش اور قومی جذبے سے سرشار ہو کر منایا گیا۔ دن کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی و ترقی کیلئے دعاﺅں کے ساتھ ہوا جبکہ لاہور میں مزار اقبال اور کراچی میں قائداعظم کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کے ساتھ ہوا۔ فورٹریس سٹیڈیم لاہور میں خصوصی تقریب ہوئی جس میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد بزدار سمیت اعلیٰ سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔ لوگوں کی بہت بڑی تعداد نے تقریب سے انجوائے کیا۔ مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے موقع پر گیریژن کمانڈر میجر جنرل محمد عامر نے مزار اقبال پر حاضری دی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔ یوم دفاع کے موقع پر واہگہ اور گنڈا سنگھ بارڈر پر پرچم اتارنے کی پرجوش و پروقار تقریب ہوئی، رینجرز کی پریڈ دیکھنے شہریوں کی بڑی تعداد واہگہ بارڈر پر موجود تھی۔ شرکاءکا جوش و ولولہ دیدنی تھا، فضاءاللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔ قوم نے شہداءاور غازیوں کو سلام پیش کیا اور انہیں بھرپور خراج عقیدت سے نوازا۔ حویلی لکھا سے نامہ نگار کے مطابق یوم دفاع وطن کے سلسلہ میں سلیمانکی کے مقام پہ پاک آرمی کی میزبانی میں پُروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل طارق محمود (ستارہ جرات) نے میجر شبیر شریف شہید کی یادگار پہ پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اِس موقع پہ جنرل طارق محمود نے پودا بھی لگایا۔ تقریب کے موقع پر مختلف سکولوں کے بچوں نے اس دن کی مناسبت سے خاکے اور ٹیبلوز بھی پیش کئے جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔ تقریب میں 1965ءاور1971ءکی جنگ میں حصہ لینے والے غازیوں اور دورانِ جنگ اپنے اعضاءسے معذور ہونے والے پاک فوج کے بہادر افراد نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر میجر طارق محمود نے کہا کہ انشاءاللہ ہمارا ملک بہت ترقی کرے گا، اس دن کی مناسبت سے دوسری تقریب قبرستان شہیداں پہ منعقد ہوئی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے شہداءکو خراج تحسین پیش کیا اِسی طرح گنر منور خان شہید اور ظفر بھٹی شہید کے دربار پر بھی مختصر تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ بورے والا سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق پاکستانی فو ج پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے لیس دنیا کی بہترین فوج ہے جس قوم کے نوجوانوں میں جذبہ شہادت موجود ہو وہ قوم ناقابل تسخیر ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار کور کمانڈر ظفر اقبال نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر میجر محمد طفیل شہید کے مزار پر پاک فوج کے چاک و چو بند دستے کے ہمراہ سلامی دینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کور کمانڈنٹ ظفر اقبال نے نشان حیدر پا نے والے میجر محمد طفیل شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کے ایصال ثواب کے لئے دعائیں کیں۔ بعد ازاں ایس ڈی پی او بو رے والا حافظ خضر زمان اور چیئرمین بلدیہ چوہدری عاشق آ رائیں نے بھی میجر محمد طفیل شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ گگو منڈی سے نامہ نگار کے مطابق پنجاب پولیس اور ررکن قومی اسمبلی نے بھی شہید کے مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ پولیس کی طرف سے S.D.P.O بورے والا حافظ خضر زمان اور رکن قومی اسمبلی چوہدری فقیر احمد آرائیں، رکن صوبائی اسمبلی بورے والا سردار خالد محمود ڈوگر نے بھی شہید کے مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔ کراچی میں پاکستان نیوی کی جانب سے یوم دفاع کے موقع پر نشان پاکستان پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے شرکت کی۔ تقریب میں پاک بحریہ کے مختلف یونٹس کے افسران و اہلکار شریک ہوئے۔ صباح نیوز کے مطابق یوم دفاع و شہداءکے سلسلے میں ملک بھر میں مختلف تقریبات منعقد کی گئیں پاک فوج کے دستوں کی جانب سے شہدا ءکے مزارات پر سلامی دی گئی اور فاتحہ خوانی کی گئی، پاک آرمی کے زیر استعمال الخالد اور الضرار ٹینکوں، بکتربند گاڑیوں اور ریڈار سسٹم سمیت دیگرجدید ہتھیاروں کی بھی نمائش کی گئی۔ یوم دفاع کے موقع پر پاک فضائیہ کے طیاروں نے فلائی پاسٹ اور کرتب دکھا کر دل موہ لئے۔ فورٹریس سٹیڈیم میں تقریب کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا شاندار عملی مظاہرہ کیا۔ توپوں کی گھن گرج سے فضا گونج اٹھی ،گن شپ کوبرا ہیلی کاپٹر سمیت فوجی ہیلی کاپٹرز نے بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جنہیں دیکھ کر حاضرین دنگ رہ گئے۔ تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے طیاروں نے بھی خوب رنگ جمایا۔ پائلٹس کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو دیکھ کر فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونجتی رہی۔ میانی صاحب قبرستان میں میجر شبیر شریف کے مزار پر بھی پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی، میجر جنرل شاہد نے میجر شبیر شریف شہید کی قبر پر پھول چڑھائے۔ یوم دفاع و شہدا کے موقع پر نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں بھی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے دوران سربراہ پاک بحریہ کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔وائس چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل کلیم شوکت تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ایڈمرل کلیم شوکت نے اس موقع پر کہا کہ یہ دن ہمیں حوصلے اور ثابت قدمی کی یاد دلاتاہے جب پاکستانی قوم نے 1965 کی جنگ میں اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کا مقابلہ کیا۔یوم دفاع و شہدا کے موقع پر کراچی کے علاقے ملیر چھاﺅنی میں بھی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے دوران پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا۔ تقریب کے دوران پاک آرمی کے زیر استعمال الخالد اور الضرار ٹینکوں، بکتربند گاڑیوں اور ریڈار سسٹم سمیت دیگر ہتھیاروں کی بھی نمائش کی گئی، پاک فوج کی جانب سے شہدا کی مزارات پر حاضری دی گئی اور پھول چڑھائے گئے۔قصور میں یوم دفاع کے موقع پر یادگار شہدا مصطفی آباد پر پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے سلامی دی، فوجی دستے کی قیادت کرنل عاقل نے کی، یادگار شہدا پر آرمی چیف کی جانب سے پھول چڑھائے گئے۔یوم دفاع کی تقریبات کا انعقاد کرنل شیر خان سٹیڈیم میں کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ندیر بٹ اور آئی جی ایف سی تھے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی گئی۔تقریب کا آغاز بینڈ اور روایتی رقص سے کیا گیا۔ خٹک اور چترال کے مخصوص رقص نے تو تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ ایئر شو شہریوں کیلئے سب سے زیادہ دلچسپ ثابت ہوا جس میں پاک فوج کے جہازوں، ہیلی کاپٹرز نے شاندار کرتب دکھا کر حاضرین سے داد وصول کی۔ پیراٹروپرز نے دس ہزار فٹ کی بلندی سے فری فال کا شاندار مظاہرہ کیا۔ نمائش میں پاک فوج کے زیراستعمال آلات حرب کے ساتھ ساتھ آپریشن ضرب عضب میں استعمال ہونے والے ہتھیار خصوصی توجہ کا مرکز بنے۔ بچے اور جوان مختلف کرتبوں سے پرجوش اور محظوظ نظر آئے۔ شہریوں نے جنگی ساز و سامان میں خصوصی دلچسپی لی۔ یوم دفاع پاکستان کے موقع پر کانک میں سراج رئیسانی شہید کی قبر پر گارڈ آف آنر کی تقریب ہوئی۔ آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم نے سراج رئیسانی شہید کی قبر پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بڑی قومیں اپنے شہداءکو کبھی نہیں بھولتیں آیئے شہداءاور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ یوم دفاع و شہداء کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بڑی قومیں اپنے شہداءکو کبھی نہیں بھولتیں۔ ہم بڑی قوم ہیں چھ ستمبر یوم دفاع و شہداءہے آیئے اپنے شہداءکے گھروں پر جائیں آیئے شہداءاور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کریں وطن کے لئے شہداءکی عظیم قربانیوں پر ان کا شکریہ ادا کریں۔ ایئرچیف مارشل مجاہد انورخان نے کہا ہے افواج پاکستان ہمارے غیور عوام کی قربانی اوراتحاد کی علامت ہیں اورتمام جاں بازوں کی بہادری اوردلیری کوسلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستان ایئرفورس کی نورخان ایئربیس پرخصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں پاکستان ایئرفورس نے یوم دفاع یوم شہدا کے طورپر منایا، پاکستان ایئر فورس کی جانب سے یوم دفاع کی مناسبت سے نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں جدید ریڈارسسٹم اور ہتھیاربھی نمائش میں موجود تھے۔ خصوصی تقریب میں ایئرچیف مجاہد انورکا پیغام پڑھ کرسنایا گیا۔ جس میں انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ہمارے غیورعوام کی قربانی اوراتحاد کی علامت ہیں، دیگردفاعی اداروں کے ہم آہنگ ایئرفورس نے دشمن کو شکست فاش دی، تمام جاں بازوں کی بہادری اوردلیری کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ایئرچیف نے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع کی بھرپورصلاحیت رکھتا ہے، پیشہ وارانہ صلاحیت کامیابی کی ضامن ہوتی ہے اور اللہ کی مدد اور توفیق سے دہشت گردی پر قابو پایا جب کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ بیورو رپورٹ کے مطابق یوم دفاع کی مناسبت سے کوئٹہ کینٹ میں یاد گار شہداءپر شہداءکو خراج عقیدت پیش کر نے کے لئے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر جام کمال اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم با جوہ نے یادگار شہداءپر حاضر ی دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر اعلیٰ سول و فوجی حکام بھی موجود تھے۔ بعدازاں وزیراعلیٰ میر جام کمال اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹےننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کوئٹہ کلب میں شہداءکے خاندانوں کے اعزاز میں دئےے گئے ظہرانے میں شرکت کی جہاں انہوں نے شہداءکے خاندانوں کو درپیش مسائل سنے اور انہیں جلد از جلد حل کرنے کی ےقےن دہانی کروائی۔گجرات سے نامہ نگار کے مطابق ےوم دفاع اور ےوم شہداءکے موقع پر پروقار تقرےب قومی ہےرو مےجر عزےز بھٹی شہےد نشان حےدر کے مزار پر منعقد ہوئی۔ مہمانان خصوصی کمانڈر ون کور لےفٹےننٹ جنرل اظہر صالح عباسی، ڈپٹی کمشنر توصےف دلشاد کٹھانہ، شہےد کے فرزند مےجر (ر) ظفر عباسی نے مےجر عزےز بھٹی شہےد کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ شہےد کے خاندان کے افراد، پاک فوج کے افسران، اے سی کھارےاں عمر حےات و دےگر افسران اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ کمانڈر ون کور لےفٹےننٹ جنرل اظہر صالح عباسی، ڈپٹی کمشنر توصےف دلشاد کٹھانہ نے مےجر عزےز بھٹی کے آبائی گھر جاکر انکے خاندان کے افراد سے بھی ملاقات کی۔خبرنگار کے مطابق ائرفورس کے زیراہتمام لاہور ائرفورس بیس پر یوم دفاع پورے جوش و جذبے سے منایا گیا۔ لاہور پی اے ایف بیس پر خصوصی پریڈ ہوئی۔ کمانڈر لاہور پی اے ایف بیس نے اس موقع پر چیف آف ائر سٹاف کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ یوم دفاع کی مناسبت سے فضائی اور زمینی مظاہرہ کیا گیا۔ مہمان خصوصی سینئر وزیر اور وزیر بلدیات عبدالعلیم خان کی آمد پر ائر آفیسر کمانڈنگ سنٹرل ائر کمانڈ ائر وائس مارشل عرفان احمد نے ان کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے طیاروں نے خوبصورت فضائی مظاہرہ کیا۔ ائربیس پر ایف 16، جے ایف 17 تھنڈر، میراج اور دیگر طیاروں کے علاوہ ان کے ایمونیشن (بم، گولیاں، میزائل) کی بھی نمائش کی گئی۔


یوم دفاع/ شہداء

مزیدخبریں