پشاور (آئی این پی، صباح نیوز)جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے انتخابی نتائج کومسترد کیا، اب بھی وقت ہے کہ الیکشن کمشن اپنی غلطیوں کا اعتراف کرے اور فوری مستعفی ہوجائے۔مولانا فضل الرحمن نے پشاور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میراخیال ہے کہ نیا الیکشن ہونا چاہیے،لیکن ساری جماعتیں یہ نہیں کہہ رہیں۔ اکثریت کی حکومت جعلی ہے،قوم کو سالہاسال سے خبردار کرتا رہا ہوں،جس بات کے لیے دس سال سے خبردارکررہا ہوں اس کا آغاز ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے دینی مدارس اورعصری تعلیمی اداروں کے یکساں نصاب کی بات کی،حکومت یکساں نظام کو واضح کرے،عصری اداروں میں طبقاتی نظام ہے،مدارس میں کوئی طبقاتی نظام نہیں،دینی اداروں پرشب خون نہیں مارنے دینگے بھرپور مزاحمت کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے کل کے فیصلے کومسترد کرتا ہوں،اگرایسی کوئی کوشش کی گئی تو مزاحمت کرینگے اورحکومت نوشتہ دیوارپڑھ لے،جمعہ جمعہ آٹھ دن نہیں ہوئے عوام پرمہنگائی کے پہاڑتوڑدیے گئے،نااہل لوگوں کے ہاتھ میں حکومت دے دی گئی،اب پاکستان کوبچانا ہے۔فضل الرحمن نے کہا کہ ہم نے قومی آزادی کی قسم کھائی ہے،اور اس آزادی کی خاطرکسی قربانی سے گریز نہیں کریگی،دفاع وطن میں پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے،پاکستان کی نظریاتی تشخص پرکوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ فضل الرحمن سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا پیپلزپارٹی اپوزیشن سےدورہوکرحکومت کے قریب جارہی ہے؟فضل الرحمٰن نے جواب دیا کہ کچھ توہے جو ایسے سوالات ہورہے ہیں۔ہیلی کاپٹر کے بارے میں کئے گئے سوال پر انہوں نے کہا اب تو میں بھی چاہتا ہوں کہ دوچارہیلی کاپٹرزلے لوں،قومی اثاثوں کوتباہ کرنے کی باتیں بچپنے کی باتیں ہیں۔فضل الرحمن نے عمران خان اور تحریک انصاف کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور وزراءجعلی ہیں، پاکستان تحریک انصاف بین الاقوامی گھناﺅنی سازش کا حصہ ہے۔
فضل الرحمن