اسلام آباد (این این آئی، سٹاف رپورٹر) نومنتخب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کیپٹن شہید توقیر اختر کے گھر گئے اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ جاری بیان کے مطابق نو منتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی جمعرات کو کیپٹن شہید توقیر اختر کے گھر گئے اوران کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نو منتخب صدر نے کہا کہ پاکستان کےلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے کیونکہ ”ہمیں پیار ہے پاکستان سے“۔ شہداءکی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ نومنتخب صدر نے شہید کی بلندی درجات کےلئے دعا بھی کی۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی یوم دفاع و شہدا کے موقع پر راولپنڈی میں کیپٹن عمر زیب شہید کے گھر پہنچے۔ انہوں نے شہید عمر زیب کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔شہید کے والد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بتایا کہ کیپٹن عمر زیب نے ہمیشہ شہادت کی خواہش کی، انہیں خوشی ہے کہ حکومت نے ایک شہید کے خاندان کو عزت دی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ آج یوم دفاع ہے اور افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنا مقصد ہے، پاکستان پرامن ملک ہے تو اس میں شہدا کا خون شامل ہے، پوری قوم کو آپ جیسے والدین پر فخر ہے، شہدا اور ان کے اہل خانہ اس قوم کے محسن ہیں۔ واضح رہے کہ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے کیپٹن عمر زیب 24سال کی عمر میں 21مئی 2009 کو وطن پاک کے دفاع کے دوران شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے۔
عارف علوی/شاہ محمود/ تعزیت
نومنتخب صدر عارف علوی کی کیپٹن شہید توقیر اختر کے گھر آمد، وزیرخارجہ شاہ محمود بھی شہید کیپٹن عمر زیب کی رہائش گاہ گئے
Sep 07, 2018