لاہور (کلچرل رپورٹر) پِلاک کے زیر اہتمام یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے سیمینار اور ملی نغموں پر مشتمل رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں جنرل (ر) غلام مصطفی اور میاں عمران مسعود نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر دانشوروں ، ادیبوں، شاعروں، فنکاروں اور تمام طبقہء فکر کے لوگوں نے بھرپور شرکت کر کے اپنے وطن سے والہانہ محبت کا ثبوت دیا۔ اظہار خیال کرنے والوں میں نامور ماہر تعلیم ڈاکٹر نظام الدین، جاویدچوہدری، عبدالرؤف، عائشہ وٹو، اصغر بھٹی، نشو بیگم، ڈاکٹر فوزیہ تبسم، میجر خالد نصر، مجاہد حسین، حسین شیرازی، پرویز کلیم، انیس احمد، عبدالمجید چٹھہ، شہباز دانش، خاقان حیدر غازی، سلطان علی رانجھا، فراست بخاری اور ڈاکٹرصغراصدف شامل تھے۔ خوشی اور غم کے ملے جلے جذبات میں مقررین نے کہا کہ مادر وطن کے شہیدوں غازیوں اور افواج پاکستان کے مجاہدوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا مقصد اپنی نوجوان نسل کو یہ باور کرانا ہے کہ یہ ملک کتنی قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا ہے۔ ہمارے شہیدوں نے اپنے خون سے ایسی تاریخ رقم کی جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ ہمیں اپنے تمام علاقائی، لسانی اور مذہبی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر جذبہ حب الوطنی پیدا کرنے اور خود کو ایک باوقار قوم ثابت کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ ہمارا نعرہ پاکستان کی بقا ہو تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔ میوزیکل خراج تحسین پیش کرنے والوں میں انور رفیع، آصف جاوید مہدی، میڈم افشاں، بشریٰ صادق، سہیل اخلاق، شفاعت اعوان، سیف، زاہد اقبال، سجاد بری، روہیل وقاص، صابر علی ورک، کامران کامی، حمزہ ناصر، نثار بھٹی، شازیہ خان اور محمد سہیل شامل تھے۔ انھوں نے ملی نغمے گا کر وطن کے شہیدوں سے اپنی محبت کا اظہار کیا اور ہال میں موجود حاضرین کے لہو کو خوب گرمایا۔ ادارے کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر صغرا صدف نے آنے والے معزز مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے اور ادارے کی مطبوعہ کتب کے تحائف پیش کیے۔ اِس تقریب میں نظامت کے فرائض ممتاز ملک نے سر انجام دئیے۔