لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولرحسن علی نے کہا ہے کہ ستمبرمیں بھارت کوشکست دیکرقوم کویوم دفاع کا تحفہ دیں گے۔ایونٹ میں بھارت، سری لنکا سمیت مضبوط ٹیموں کا چیلنج درپیش ہوگا اورایونٹ میں اچھی کارکردگی پیش کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ دباومیں کھیلتے ہوئے کارکردگی دکھانا پسند کرتا ہوں، بھارت کیخلاف میچ میں بھی بھرپورجذبے کے ساتھ میدان میں اترتے ہوئے فتح حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، نہ صرف کہ روایتی حریف کے خلاف میچ بلکہ پورے ایونٹ میں اچھی کارکردگی پیش کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں بھارت، سری لنکا سمیت مضبوط ٹیموں کا چیلنج درپیش ہوگا، کسی کو بھی آسان حریف سمجھنے کی غلطی نہیں کریں گے، یو اے ای کی کنڈیشنزسے اچھی طرح آگاہ ہیں، ان کا بہتراستعمال کرتے ہوئے فتوحات سمیٹیں گے، ویرات کوہلی ایک بہترین بیٹسمین ہیں، ان کی جگہ کوئی بھی نیا پلیئرہی لے، نیا پلیئردباو میں سٹارکرکٹرجیسا کھیل پیش نہ کرسکے، اس کمزوری کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ سکواڈ میں 6 پیسرز شامل کرنے کا فیصلہ سلیکشن کمیٹی نے کیا ہے، میدان میں کس کو اتارنا ہے یہ فیصلہ ٹیم مینجمنٹ کرے گی ، ان بائولرز میں سے ٹیم کی ضرورت کے مطابق جس کو بھی پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا وہ اپنی ذمہ داریوں سے انصاف کرنے کی کوشش کرے گا۔
، انہوں نے کہا کہ میں نے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کے حوالے سے کوئی ارادہ ظاہرنہیں کیا، طویل فارمیٹ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں۔ اگر کسی پلیئر کو تینوں فارمیٹس میں ملک کی نمائندگی کرناہے تو فٹنس اعلیٰ معیار کی ہونی چاہیے، اسی لئے میں اس معاملے میں خصوصی توجہ دیتا ہوں۔
ایشیا کپ میں بھارت کوشکست دے کر قوم کویوم دفاع کا تحفہ دینگے :حسن علی
Sep 07, 2018