گھریلو خواتین پر ظلم وتشدد معاشرے کی تلخ سچائی ہے: ڈپٹی کمشنر

Sep 07, 2018

ملتان( لیڈی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب گھریلو تشدد یا ظلم کاشکار خواتین کی داد رسی کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔ اس سلسلے میں وومن سنٹر صحیح معنوںمیں خواتین کو انصاف فراہم کررہاہے۔ انہوں نے کہاکہ گھریلو خواتین پر ظلم وتشدد ہمارے معاشرے کی تلخ سچائی ہے۔ گزشتہ 10سال میں 4734خواتین کوجسمانی طورپر ہراساں کیا گیا جبکہ 1535خواتین تیزاب گردی اور 15ہزار سے زائد خواتین پورے ملک میں تشدد وقتل کاشکار ہوئیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز وومن سنٹر متی تل میں وومن پروٹیکشن کونسل اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میںمنیجر وومن سنٹر ثناء جاوید اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر رانا جاوید اور اسسٹنٹ کمشنر صدر قاضی منظور نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر ریاض ملک نے کہاکہ وومن سنٹر میں خواتین کے میڈیکل سے لے کر قانونی مدد فراہم کرنے کے تمام مراحل ایک چھت تلے دستیا ب ہیں اور ظلم کاشکار خواتین کا ذہنی وجسمانی علاج بھی بلا معاوضہ یقینی بنایاجاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وومن سنٹر میں قائم پولیس اسٹیشن مکمل طور پر فعال کیاجائے گا۔ ماہانہ بنیادوں پر شکایات کرنے والی خواتین کے کیس خود جائزہ لے کر مسائل حل کراؤنگا۔

مزیدخبریں