لاہور (خصوصی نامہ نگار) سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا ہے کہ ہم ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنیوالے قوم کے بہادر بیٹوں اور ان کے پیاروں کو سلام پیش کرتے ہیں، شہداء کی قربانیوں کا کوئی مول نہیں ہو سکتا۔ آج کے دن پاک فوج اور عوام نے شانہ بشانہ وطن عزیز کے دفاع کی جنگ لڑ کر جیتی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چونڈہ میں یادگارِ شہداء پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء کو ہم سب نے من حیث القوم جرأت و دلیری، عزم و حوصلے، ایمان و یقین اور ایثار و قربانی کا ایسا مظاہرہ کیا جس کی مثال نہیں ملتی۔ یہ دن ہمیں ان شہداء اور غازیوں کے لازوال حوصلے اور بہادری کے کارناموں کی یاد دلاتا ہے۔ آپ نے مزید کہا کہ پاک فوج کے سپہ سالار کے بیان کشمیر کیلئے آخری سانس‘ آخری فوجی اور آخری گولی تک لڑیں گے‘‘ کو نہ صرف سراہتے ہیں بلکہ جنرل باجوہ کو ہمارا پیغام ہے کہ ہم ہر قدم پر ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 6 ستمبر صرف پاکستان کی جنگ کا دن نہیں بلکہ کفرواسلام کے درمیان عظیم معرکہ تھا جس میں اللہ تبارک و تعالیٰ نے ہمیں فتح عطا فرمائی۔ انہوں نے بھارتی بزدل حکمرانوں کو للکارتے ہوئے کہا کہ وہ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں کیونکہ مسلمان موت سے نہیں ڈرتا۔ عالمی طاقتیں مودی حکومت کی جانب سے کشمیر میں جاری ظلم و ستم کو رکوانے اور مظلوم و نہتے کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق خودارادیت دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔