اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) اسلام آباد افغان امن عمل پر مشاورت کیلئے پاکستان، افغانستان اور چین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات آج ہفتہ کے روز اسلام آباد میں منعقد ہو رہے ہیں۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی مذاکرات میں شرکت کے لیے صبح اسلام آباد پہنچیں گے۔ قوی امکان ہے کہ افغانستان کے وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی اپنے وفد کی قیادت کریں گے۔ مشاورت کا یہ دور ایسے اہم وقت منعقد ہو رہا ہے جب طالبان اور امریکہ کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا ہے لیکن بین الافغان مذاکرات کی کوئی راہ نہیں سجھائی دے رہی۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک چین، افغانستان وزرا خارجہ کے سہ فریقی مذاکرات ہفتہ کے روز شام کو اسلام آباد میں منعقد ہوں گے۔ مزاکرات میں افغان امن عمل اور خطے کی صورتحال پر بات چیت ہوگی، سفارتی زرائع کا کہنا ہے کہ چین کے سٹیٹ قونصلر و وزیرخارجہ وانگ ژی کی وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں جن میں مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاون سے پیداشدہ صورتحال پر غور کیا جائے گا۔