لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی ہدایت پر جنرل سیکرٹری مسلم لیگ پنجاب سینیٹر کامل علی آغا کی سربراہی میں وفد نے سابق ڈی آئی جی کیپٹن (ر) سید احمد مبین شہید کی رہائش گاہ اور باٹا پور میں یادگار شہداء پر حاضری دی، جہاں انہوں نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ وفد میں سینئر نائب صدر سلیم بریار، سابق صوبائی وزیر میاں عمران مسعود، میاں منیر، خدیجہ فاروقی ایم پی اے، سابق ارکان اسمبلی آمنہ الفت، ماجدہ زیدی اور دیگر مسلم لیگی رہنما شامل تھے۔ کامل علی آغا نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی کا کہنا ہے کہ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، پاکستانی عوام کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔ انہوں نے احمد مبین شہید کی والدہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، ہر خوشی غمی میں ہمیں اپنے ساتھ پائیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ نے لاہور، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ، وزیر آباد سمیت دیگر اضلاع میں شہداء کے خاندانوں سے رابطہ کر کے ان کو بتایا ہے کہ وہ اکیلے نہیں ہم سب ان کے ساتھ ہیں۔
ق لیگ کے وفد کی شہید ڈی آئی جی سیداحمدمبین کے گھر آمد، قبر پر چادر چڑھائی
Sep 07, 2019