شہداء سر کا تاج، ہمارے جوان دشمن کو سبق سکھانے کیلئے تیار: سراج الحق

Sep 07, 2019

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کے بائیس کروڑ عوام 22کروڑ مجاہد ہیں۔ پاکستان کا ہر نوجوان جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے سرشار ہے۔ شہداء ہمارے سروں کا تاج ہیں۔ پوری قوم کو اپنے شہداء اور غازیوں کے کارناموں پر فخر ہے۔ قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کیلئے تیار ہے۔ ہمارے جوانوں نے دشمن کا غرور پہلے بھی خاک میں ملایا ہے اور آئندہ بھی اسے سبق سکھانے کیلئے تیار ہیں۔ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوجاتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ تقریریں اور بیانات بہت ہوگئے اب حکومت کو عملی اقدامات کی طرف آنا ہوگا۔ کشمیر کی آزادی کیلئے حکومت کی ہر کوشش کا ساتھ دیں گے۔ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے فوری کردار ادا کرے۔ آج کا پاکستان 65 اور 71کے مقابلہ میں بہت مضبوط اور طاقتور ہے۔ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے اسے ایسا سبق سکھائیں گے کہ اس کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم دفاع کے موقع پر باٹا پور میں یادگار شہداء پر پھول چڑھانے اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان ہمارے لئے اللہ کی طرف سے عظیم امانت ہے۔ پوری قوم مادر وطن کی حفاظت کیلئے سیسہ پلائی دیوار ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ 6ستمبر عزم و ہمت ولولے اور غیرت کا دن ہے۔ قومی یکجہتی اور اتحاد کا اور دشمن کو للکارنے کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج انڈیا تقسیم ہے لیکن پاکستانی قوم، فوج اور حکومت ایک صفحہ پر اور بھارت کو سبق سکھانے کے لئے تیار ہیں۔

مزیدخبریں