اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی ‘سٹاف رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی یوم دفاع کے موقع پر شمالی وزیر ستان میں سرحد پار سے آنے والے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن جنید عباسی شہید کے گھر راولپنڈی گئے اور شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ان والدین کی عظمت کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے جنید عباسی شہید جیسے سپوت اس ارض پاک کی حفاظت کے لیے وقف کئے۔ آج کے دن کی مناسبت سے میرا پیغام یہی ہے کہ دشمن کسی بھول میں مت رہے پوری قوم اپنی جری افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھی راولپنڈی میں لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید کے لواحقین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں معاون خصوصی نے کہا یوم شہدا کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منا رہے ہیں، پاکستان کا دفاع اس وقت تک مضبوط نہیں ہوسکتا جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شہیدوں کے خاندانوں کے جذبات قابل دید ہیں، ہمیں ان پر فخر ہے جب تک وطن کیلئے یہ جذبات قائم ہیں ہمارا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ وزیر مواصلات مراد سعید راولپنڈی میں کیپٹن جاذب شہید کے گھر گئے اور اہل خانہ سے ملاقات کرکے فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی پشاور میں کیپٹن روح اللہ شہید کے گھر پہنچے۔ افتخار درانی نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے شہید روح اللہ کے گھر آیا ہوں۔ شہداء کی وجہ سے ہم محفوظ ہیں۔ شہید کے والد ڈاکٹر صہیب اللہ نے کہا کہ میرا بیٹا روح اللہ بہادر انسان تھا، جام شہادت نوش کیا۔