لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ عثمان بزداریوم دفاع کے موقع پر محلہ پیر کالونی والٹن میں لائن آف کنٹرول پربھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے شہید لانس نائیک محمد تیمور اسلم کی رہائشگاہ پر گئے۔ وزیراعلیٰ نے شہید لانس نائیک کے والد محمد اسلم ،نانا اوردیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور شہید کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا اور محمد تیمور اسلم شہید کی روح کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے شہید کے اہل خانہ سے گفتگومیں کہا کہ محمد تیمور اسلم کی جرأت اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہید لانس نائیک محمد تیمور اسلم نے پاک وطن کی حفاظت کرتے ہوئے اپنے خون کا نذرانہ پیش کیاہے ۔ شہید فوجی جوان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔وطن کی مٹی پر فدا ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ شہداء نے قوم کے کل کو محفوظ بنانے کیلئے اپنا آج قربان کیا ہے اور وطن پر نثار ہونے والے شہداء پر ناز ہے۔ جس قوم کے سپوت جذبہ شہادت سے سرشار ہوں اسے کوئی دشمن شکست نہیں دے سکتا۔قبل ازیںوزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ میں یوم دفاع وشہداء پر شہیدمحمد تیمور اسلم کی رہائشگاہ ان کے اہل خانہ سے ملاقات کے لئے آیا ہوں ۔6ستمبر شہداء اور ان کے اہل خانہ کو یا در کھنے کا دن ہے ۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔پاکستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں ،پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اورکھڑی رہے گی۔ عثمان بزدارنے یومِ فضائیہ کے موقع پر پیغام میںکہا کہ 7ستمبر 1965ء کا دن پاک فضائیہ کی تاریخ کا روشن باب ہے ۔ پاکستان کے شاہینوں نے جرأت، شجاعت اور بہادری کی عظیم داستانیں رقم کیں اورپاک فضائیہ کے جانبازوں نے فضائی حدود کا دفاع کرتے ہوئے مکار دشمن کو شکست دی ۔عثمان بزدار نے ظفروال میں موٹر سائیکل رکشے پر ڈمپر الٹنے سے بچوںکے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اورشیخوپورہ کے علاقے میں اغواء کے بعد بچی سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
شہید لانس نائیک تیمور کے گھر آمد‘ وطن کیلئے جان نثار کرنیوالوں پر ناز ہے: عثمان بزدار
Sep 07, 2019