سکول‘ ہائی پرفارمنس‘ ایج گروپ میں کارکردگی‘ نوجوان کرکٹرز کیلئے قومی ٹیم کا روڈ میپ تیار

Sep 07, 2019

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان کرکٹ بورڈ ڈومیسٹک سیزن 20-2019 کے فرسٹ کلاس میچز میں بہتری لانے کیساتھ ساتھ ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے نوجوان کرکٹرز کے درمیان مقابلوں کا انعقاد کررہا ہے۔90 سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی زیرنگرانی کلب کرکٹ کیساتھ ساتھ سکول اورمختلف ایج گروپ کے مقابلے ہوں گے۔ ہر سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن مقابلوں کا انعقاد کریگی۔ ایک کھلاڑی سکول کرکٹ سے سفر کا آغاز کررہا ہے یا پی سی بی سے منظور شدہ کسی کلب سے نوجوان کھلاڑیوں کو اعلیٰ سطحی کرکٹ میں آنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کو متواتر سکول کرکٹ کے مقابلوں کا انعقاد کرنا ہوگا جس سے نئے ٹیلنٹ کی تلاش میں مدد ملے گی۔ کلب اور سٹی کرکٹ ٹیموں کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سمیت نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیلنٹ دیکھانے کیلئے دیگر راستے بھی میسر ہوں گے۔تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کو سالانہ انٹر سٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کرنا ہوگا۔ہر ایسوسی ایشن ایک روزہ اور تین روزہ مقابلوں کیلئے اپنی اپنی انڈر 19 ٹیموں کا انتخاب کریگی۔ انڈر 13 اور انڈر 16 ٹیموں کے انتخاب کیلئے ٹرائلز کا انعقاد ہوگا۔ بورڈ انڈر 13 اور انڈر 16 ٹرائلز 12 ستمبر سے شروع کررہا ہے۔ٹرائلز کا انعقاد 82 شہروں میں کیا جائیگا۔ٹرائلز کی نگرانی مقامی کوچز کریں گے۔

مزیدخبریں