اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے معروف اداکارہ و ماڈل صوفیا مرزا کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش شروع کردی۔ گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ صوفیا مرزا کے خلاف ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کردی لیکن اداکارہ نے ان خبروں کی تردید کی تھی۔ اداکارہ نے ٹوئٹر پر اپنی دو ویڈیوز میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کے خلاف کسی طرح کی کوئی بھی تفتیش نہیں کی جا رہی بلکہ ان کے خلاف جھوٹی اور پراپیگنڈا کے تحت خبریں چلائی جا رہی ہیں۔ صوفیا مرزا نے ویڈیوز میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کے خلاف ان کے سابق شوہر عمر فاروق ظہور کے کہنے پر جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جو ان کی دو بیٹیوں کے اغوا میں ملوث ہے۔ تاہم اب ایف آئی اے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اداکارہ کے خلاف تفتیش شروع کردی گئی ہے۔