لاہور(کامرس رپورٹر) انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بڑھ گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر دس پیسے مہنگا ہو گیا مارکیٹ میں روپے کی قدر میں اتار چڑھاو دیکھا گیا انٹر بینک میں ڈالر سستا اور پاونڈ مہنگا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر مہنگا ہو گیاسٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروباری اوقات کے خاتمے پر ڈالر کی قدر 6 پیسے کی کمی سے 156 روپے 32 پیسے رہ گئی یورو 4 پیسے سستا ہو کر 172 روپے 55 پیسے کا ہو گیا برطانوی پاونڈ 39 پیسے مہنگا ہو کر 192 روپے 27 پیسے کا ہو گیا ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن پاکستان کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 10 پیسے کے اضافے سے 156 روپے 60 پیسے ہو گئی جبکہ یورو 30 پیسے سستا ہو کر 173 روپے اور برطانوی پاونڈ 50 پیسے سستا ہو کر 193 روپے کا رہ گیا دریں اثناء عالمی مارکیٹ میں نرخ کم ہونے پر پاکستان میں بھی سونا ایک ہزار روپے تولہ سستا ہو گیا تاہم عالمی مارکیٹ میں سونا جتنا سستا ہوا مقامی جیولرز نے قیمت اس کے پچاس فیصد بھی کم نہیں کی ہے۔جیولرز کے مطابق پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک ہزار روپے کی کمی سے اٹھاسی ہزار روپے ہو گئی ہے ۔ عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت میں اڑتیس ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔