مقبوضہ کشمیر پر حملہ آزاد کشمیر اور پاکستان پر حملہ، بھارت نے جنگ شروع کی، ختم ہم کرینگے: سردار مسعود

Sep 07, 2019

مظفر آباد(آئی این پی+ آن لائن ) صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیری تنہا نہیں، ہر محاذ پر ان کے ساتھ ہیں، مقبوضہ کشمیر پر حملہ آزاد کشمیر اور پاکستان پرحملہ ہے، پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل میں پہنچایا۔صدر آزاد کشمیر نے یوم دفاع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا شہدا اور ان کے ورثا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، پاکستان کشمیر کیلئے سیاسی و سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے پاکستان نے 6 جنگیں بھی لڑیں، بھارت نے 1965 میں پاکستان کو للکارنے کی سنگین غلطی کی، پاکستانی قوم مثالی اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی۔ بھارت نے 5 اگست کو پھر مقبوضہ کشمیر اور خطے پر حملہ کیا، بھارت نے وادی میں بیرونی لوگوں کو بسانے کا منصوبہ بنایا ہے، بھارت تشدد اور ظلم سے کشمیریوں کی آواز دبانا چاہتا ہے، بھارت کے غلط اقدامات کیخلاف پوری پاکستانی قوم نے اظہار یکجہتی کیا، بھارتی مظالم کو دنیا کے پارلیمانوں میں اٹھایا جا رہا ہے، اقوام متحدہ نے ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا، اقوام متحدہ فوری طور پر کشمیریوں کی نسل کشی رکوائے۔صدر آزاد کشمیر نے مزید کہا سلامتی کونسل مسئلہ کشمیر کی وجہ سے خطے کو لاحق خطرات دور کرے، ترکی اور ایران نے کشمیریوں کے حق میں بھرپور آواز بلند کی۔ انہوں نے مزید کہا بھارت نے صدیوں کی جنگ کا آ غاز کیا ہے۔ اسے ختم ہم کریں گے۔ دفاع کشمیر کیلئے کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہیں۔ بھارت نے اپنے ہاتھوں سے کشمیر میں ٹائم بم نصب کر دیا ہے۔ ہر محاذ پر کشمیریوں کیلئے لڑیں گے۔

مزیدخبریں