اسلام آباد ( محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمنٰ نے ’’ اسلام آباد آزادی مارچ‘‘ اپنے پلیٹ فارم سے کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے ۔وہ اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کو کسی امتحان میں نہیں ڈالنا چاہتے اس لئے جمعیت علما ء اسلام(ف) اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے تعاون کے لئے رابطے ضرور کرے گی لیکن ’’ اسلام آباد آزادی مارچ‘‘ کے تمام تر انتظامات جمعیت علما اسلام (ف) ہی کرے گی۔ جمعیت علما اسلام نے اب تک 6کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں ان کمیٹیوں میں اپوزیشن کی کسی جماعت کو شامل نہیں کیا گیا جمعیت علما ء اسلام (ف) اب تک میں 15ملین مارچ کر چکی ہے جن میں لاکھوں افراد شرکت کر چکے ہیں سیاسی قوت کے بھرپور مظاہرے بعد جمعیت علما اسلام (ف) کی اعلی قیادت کا مورال بلند ہو گیا ہے یہی وجہ ہے مولانا فضل الرحمنٰ نے دعویٰ کیا کہ ان کی کال پر 15لاکھ افراد اسلام آباد کے ریڈ زون میں جمع ہو ں گے ۔آزادی مارچ کے لئے تمام وسائل جمعیت علما اسلام (ف) فراہم کرے گے سر دست مولانا فضل الرحمنٰ نے ’’ریڈ زون ‘‘ مے دھرنا دینے کے ’’آپشن‘‘ پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے مولانا فضل الرحمنٰ اس بارے میں صورتحال کے پیشنظر فیصلہ کریں گے مولانا فضل الرحمنٰ کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی طرف سے آزادی مارچ میں شرکت کا پیغام موصول ہو گیا ہے تاہم دیگر جماعتیں آزادی مارچ میں شرکت بارے میں تذبذب کاشکار ہیں اسی وجہ سے مولانا دضل الرحمنٰ نے اسلام آباد آزادی مارچ کو جعیت علماء اسلام کا شو بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔