واشنگٹن(نوائے وقت رپورٹ+ کے پی آئی) امریکا میں پاکستانی سفیر اسد مجید خان کا کہنا ہے کہ آزادی کی جدوجہد میں قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں یوم دفاع کے حوالے سے پْر وقار تقریب ہوئی جس میں افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت،تیاریوں پرمبنی دستاویزی فلمیں پیش کی گئیں۔امریکا میں پاکستانی سفیراسد مجیدخان نے تقریب سے خطاب کے دوران عوام،افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم،افواج نے اندرونی وبیرونی جارحیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔اسد مجید خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم،افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی۔انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان علاقائی اورعالمی امن کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔یوم دفاع کے موقع پر پاکستانی سفیر نے کہا کہ آزادی کی جدوجہد میں قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ڈیفنس اتاشی بریگیڈئیر کمال انور چوہدری نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دفاع وطن میں عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ کے پی آئی کے مطابق واشنگٹن کے پاکستانی سفارتخانہ میں یوم دفاع پاکستان کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ واشنگٹن میں یوم دفاع پاکستان کو یوم دفاع اور یوم شہدائے کشمیر کے ساتھ یکجہتی کے طورپر منایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ایک کروڑ 30 لاکھ کشمیری اپنے گھروں میں قید ہیں اور دنیا سے منقطع ہیں۔حق خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد میں پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے۔
کشمیری بھائیوں کے ساتھ پاکستان علاقائی، عالمی امن کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا اسد مجید
Sep 07, 2020