پاکستان‘ سعودی عرب یکجان دو قالب‘ تعلقات میں فرق نہیں آیا: نواف المالکی

Sep 07, 2020

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے زیر اہتمام امام کعبہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کے خطبات حرم پر مشتمل کتاب کی تقریب رونمائی مرکز اہل حدیث راوی روڈ لاہور میں منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کی۔ جبکہ مہمان خصوصی سعودی سفیر نواف سعید المالکی تھے۔ سینیٹر حافظ عبدالکریم نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سعودی عرب کے ساتھ تاریخی تعلقات کی گواہی سب انصاف پسند دیتے ہیں۔ قیام پاکستان سے قبل ہی جمعیت اہل حدیث سعودی عرب کی حمایت میں پیش پیش رہی ہے۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات ہمہ جہت ہیں۔ خطبات حرم کا اردو ترجمہ ایک اہم کام ہے، جس پر پیغام ٹی وی کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں کوئی فرق نہیں آیا۔ ہم یکجان دو قالب ہیں اور دوستی کا یہ لازوال سفر جاری رہے گا۔ امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم سعودی عرب سے تعلقات کو ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں۔ سعودی سفیر پاکستان کے بھی سفیر ہیں۔ سینیٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ سعودی عرب سے تعلق کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ہے۔ سعودیہ اور پاکستان کا تعلق کوئی توڑ نہیں سکتا۔ پاکستان کی ساری عوام، دینی وسیاسی جماعتیں سعودی عرب کے ساتھ ہیں۔ قومی اسمبلی کے سابق سپیکر رکن قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارا  گہرا دینی اور برادرانہ رشتہ ہے۔ پیغام ٹی وی کی دینی خدمات قابل تحسین ہیں۔ تقریب میں سعودی سفیر کو پروفیسر ساجد میر اور حافظ عبدالکریم نے تلوار کا تحفہ پیش کیا۔ تقریب میں سابق چیف جسٹس سردار شمیم احمد خاں‘ اویس نورانی‘ حافظ ابتسام الٰہی ظہیر‘ قاری صہیب میر محمدی‘ ڈاکٹر عبدالغفور راشد‘ حاجی عبدالرزاق‘ ڈاکٹر حماد لکھوی‘ ڈاکٹر زعیم الدین عابد لکھوی‘ مولانا محمد نعیم بٹ‘ مولانا عبدالرشید حجازی‘ حافظ یونس آزاد‘ مولانا عبدالباسط شیخوپوری‘ معتصم الٰہی ظہیر‘ مولانا محمد حنیف ربانی‘ مولانا یٰسین ظفر‘ حافظ بابر فاروق رحیمی‘ ڈاکٹر ریاض الرحمن یزدانی‘ مولانا ابراہیم سلفی‘ مولانا محمد یوسف قصوری‘ مولانا عرفان اللہ ثنائی‘ ڈاکٹر ذاکر شاہ ودیگر بھی شریک تھے۔
 

مزیدخبریں