لاہور( این این آئی‘ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کراچی تبدیل ہونے جارہا ہے،ملک بھر میں ریلوے کو آرگنائز کریں گے، پچاس فیصد ہیڈکوارٹر کراچی منتقل کر یں گے ۔ اپنی کتاب کی تقریب رونمائی میں شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے اعلان کردہ پیکج پر صحیح معنوں میں عمل ہوا تو کراچی والے سکھ کا سانس لیں گے۔وزیراعظم کے ایک طرف گورنر عمران اسماعیل اور دوسری طرف وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ تھے جو بڑی بات ہے۔لوگوں کو اس غرض ہے کہ ان کے مسائل حل ہوں، ملکی سیاست اور کراچی کی حالت کا رخ بدل رہا ہے۔ انہوں نے کہا جو محنت کرتا ہے اﷲ اس کی مددکرتا ہے۔ انسان جو بوتا ہے وہی کاٹتا ہے۔ میری طرح کوئی بھی سیاسی ورکر نہیں جسے اﷲ نے اتنا نوازا ہو۔ اب تک 14 وزارتوں کے قلندان سنبھال چکا ہوں۔ انہوں نے کہا پاک فوج اس ملک کی حقیقت ہے۔ پاک فوج کا شمار دنیا کی عظیم افواج میں ہوتا ہے۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ میں مرنے سے قبل ایک اور کتاب ضرور لکھوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چاہے میری وہ کتاب مرنے کے بعد ہی شائع کیوں نہ ہو۔