اے پی سی میں دفاع‘ خارجہ پالیسی کمزوریوں پر لائحہ عمل اختیار کریگی: احسن اقبال

Sep 07, 2020

اسلام آباد‘شکرگڑھ‘ نارووال (وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگار) رہنما ن لیگ احسن اقبال نے کہا ہے کہ 20 ستمبر کو آل پارٹیز کانفرنس میں ون پوائنٹ ایجنڈا پر بات ہوگی، 20 ستمبر کو اپوزیشن جماعتیں دفاعی اور خارجہ پالیسی کی کمزوریوں پر لائحہ عمل اختیار کرے گی، اپوزیشن نے  فیٹف پر قانون سازی میں کھلے دل سے حکومت کا ساتھ دیا، اپوزیشن حکومت کے انتقامی اور فاشسٹ ایجنڈے کے خلاف کھڑی ہو گی،  فیٹف کی آڑ میں  مجوزہ کالے قوانین کا مقصد عمران خان کی ڈکٹیٹر شپ قائم کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنیئر صحافی ملک محمد یونس کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد گفتگو کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ ساجد گوندل کا اغوا، حکومت اور سکیورٹی اداروں کے لئے سوالیہ نشان ہے، ساجد گوندل، ٹمک ٹو یا چیچوکی ملیاں سے نہیں، دارالخلافہ سے اغوا ہوا‘ اسلام آباد میں شہری محفوظ نہیں تو دوسرے علاقوں میں کیا حالت ہو گی، مسلم لیگ ن کی طاقت میں روز بروز  اضافہ ہو رہا ہے۔ ن لیگی حکومت  کے خلاف سازشیں کرنے والوں کے چہروں سے نقاب اتر رہے ہیں، مسلم لیگ ن میں لوٹوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ حکومت کوششوں کے باوجود ن لیگ  کے کسی  ایم این  یا سینیٹر  کو توڑنے میں ناکام رہی ہے۔ عمران خان کو پاکستان کا مودی کی طرح ہٹلر نہیں بننے دیں گے،  حکومت نے معاملات، پارلیمنٹ سے بلڈوزر کرنے کی کوشش کی تو عدالت جائیں گے۔ دریں اثناء حوالدار ناصر کی قبر پر حاضری دی۔ احسن اقبال نے حوالدار ناصر حسین شہید کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم تمام شہداء  کو سلام پیش کرتے ہیں جہنوں نے پاکستان کی آزادی‘ سالمیت کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دی۔ 6 ستمبر ہمیں خاص طور پر ان شہداء کی یاد دلاتا ہے جہنوں نے کشمیر کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی بدترین معاشی پالیسیوں کے وجہ سے پاکستان کی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔ عمران نیازی کی حکومت ایک سال مسئلہ کشمیر پہ سوئی رہی۔ عمران نیازی صاحب آپ نے جو کراچی میں 1100ارب کا پیکج دیا ہے اس کا پیسہ کہاں ہے؟۔ آپ نے تو  خزانہ خالی کر دیا ہے۔

مزیدخبریں