راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے،جنرل رپورٹر) وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ 6 ستمبر افواج پاکستان کے ان شہدا ء کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے کہ جن کے نام سے دشمنوں کو سردی لگتی ہے، افواج پاکستان ہماری آن ،جان ،شان اور ہمارے ماتھے کا تاج ہیں، پاکستان کی فوج دنیا کی ٹاپ 5 افواج میں شامل ہے اور سب سے زیادہ خودکشیاں انڈین افواج کے سپاہی کر رہے ہیں ان میں جرات نہیں کہ وہ پاکستان میں سرجیکل سٹرائیک کر سکیں۔ انہوں نے کہا جو پاکستان کے لئے اپنا تن ،من ، دھن لگائے گا ہم اس کے ساتھ کھڑ ے ہیں اور جو اسے میلی نظر سے دیکھے گا اس کی آنکھیں نکال دیں گے کچھ لوگوں نے سی پیک کے خلاف سازشیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ اندرون ملک یا بیرون ملک کسی کواجازت نہیں دیں گے کہ وہ پاکستان اور افواج پاکستان کے بارے میں سازشیں کرے، انہوں نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی آرٹس کونسل میں آل پاکستان پرائیویٹ سکول مینجمنٹ ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام 6ستمبر یوم دفاع کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکول مینجمنٹ ایسو سی ایشن کے خواتین ونگ کی نو منتخب عہدیداروںسے حلف بھی لیا۔ آرٹ گیلری میں منعقدہ تصویری نمائش کے دورے پرفیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہداء کا خون پاکستان کی بقا کا ضامن ہے۔
شہداء کو سلام‘ کسی کو ملک اور فوج کیخلاف سازش نہیں کرنے دینگے: فیاض چوہان
Sep 07, 2020