اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)چیئرپرسن ڈیفنس آف ہیومن رائٹس پاکستان آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا کہ 6ستمبر 1965 یوم دفاع پاکستان کے قومی ہیروز اور بہادر افواج کی شہادت اور بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ جنہوں نے ماہ ستمبر اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ اس موقع پر افواج پاکستان کی بے مثال شجاعت اور قربانیوں کے ساتھ ساتھ تمام قوم یک جاں ہو کر دفاع پاکستان کے لئے اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آمنہ مسعود جنجوعہ کا کہنا تھا کہ ہمیں آزادی جیسی عظیم نعمت کی قدر کرنی چاہیے اور ہر طرح کی اندرونی یا بیرونی سازشوں سے اپنے آپ کو بچاتے ہوئے اپنے ملک کی حفاظت کریں۔ 1965 کی ہندوستان اور پاکستان کے مابین لڑی جانے والی جنگ سے یہ بات سیکھنے کو ملتی ہے کہ جنگیں ریاستی عوام اور فوج متحد ہو کر ہی لڑتی اور جیت سکتی ہیں۔آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنے ہیروز اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے یہ یاد رکھیں کہ آزادی کی حفاظت اللہ پر بھروسہ، وطن عزیز سے محبت اور دفاع وطن کی قربانی کے جذبہ سے پیدا ہوتی ہے، لیکن قومی آزادی کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ ہم بے گناہ قیدیوں کو رہا کریں۔آمنہ مسعود جنجوعہ کا مذید کہنا تھا کہ اگر کوئی فرد واحد ملکی آئین و قانون کے مطابق جرم کا مرتکب ٹہرتا ہے تو اس کو ملکی عدالتوں میں پیش کیا جائے اور ملکی آئین و قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ بے گناہ افراد کو اہل خانہ سے جدا کر دینے اور ریاستی آزادی کا حق چھین لینے سے ملک انتشار کا شکار ہوتا ہے۔وزیراعظم پاکستان ، آرمی چیف سے درخواست ہے کہ وہ جبری گمشدگی جیسے سنگین جرم کو دوسرے ممالک کی طرح نہ صرف تسلیم کریں بلکہ اس جرم کا جڑ سے خاتمہ کرتے ہوئے فلاحی مملکت قائم کریں اور ملک سے دہشت گردی اور فرقہ واریت پھیلانے والی قوتوں کو ناکام کرتے ہوئے ملک کو مضبوط کریں۔
پاکستانی فوج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، آمنہ مسعود
Sep 07, 2020