لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے یوم دفاع پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ موجودہ نئی صورتحال میں آج کا دن نئے جذبہ، جوش اور عزم سے منانے کا عزم کرنا چاہئے تاکہ قوم تحفظ پاکستان کے علاوہ ترقی و خوشحالی کی منازل کی طرف تیزی سے گامزن ہوسکے، شہداء کی پاک روحیں ہمیں کہہ رہی ہیں کہ وہی ملک اور قوم سرخرو ہوتی ہے جس کے باسی اس کیلئے بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا عملی جذبہ رکھتے ہوں۔ دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما مونس الٰہی ایم این اے نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مادر وطن کے شہیدوں، غازیوں اور ارض پاک کے جانثاروں و محافظوں کو سلام، ہم وطنوں کو یوم دفاع پاکستان مبارک ہو، افواج پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ ملک و قوم کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے 6 ستمبر 1965ء والا جذبہ بیدار کرنے کی ضرورت ہے، پاک فوج کے ہوتے ہوئے کوئی دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا، 6 ستمبر کا دن مادرِوطن کے دفاع اور تحفظ کیلئے ہماری مسلح افواج کی اہمیت اور عظیم قربانیوں کا مظہر ہے۔ پاکستان کے دشمنوں کو کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہئے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ آج ہر پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، بھارت کشمیریوں پر ظلم کرنا بند کر دے اسے اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا ہو گا اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کا نعرہ جلد حقیقت بننے والا ہے۔