کراچی (اسپورٹس رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی ریس کلب میں دی ڈیفنس ڈے کپ کے سلسلہ میں ہونے والی گھڑ دوڑ دیکھی اور ریس کے فاتح کو انعامی کپ دیا۔اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کورونا وائرس کی وباء سے کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں لیکن بہت جلد میدان دوبارہ کھیلوں سے آباد ہوں گی۔ حکومت کی توجہ کھیلوں کی سرگرمیاں آباد کرنے پر ہے۔ حال ہی میں وزیر اعظم عمران خان نے ہاکی کے کھیل کی بحالی کی ہدایات دی ہیں۔ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رکن اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے صدر، صدر الدین شاہ راشدی، گورنر سندھ کے مشیر علی جونیجو اور رکن صوبائی اسمبلی علی عزیز جی جی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کراچی کیلئے اعلان کردہ 1100 ارب روپے سے زیادہ کا پیکج کراچی کے مسائل کو حل کرنے میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کا شہری ہونے کے ناطے وہ وزیر اعظم عمران خان کے مشکور ہیں جنہوں نے کراچی کے شہریوں کا درد محسوس کرتے ہوئے اپنی اس بات کو سچ کر دکھایا کہ وہ کراچی کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔