لاہور ( کامرس رپورٹر ) صوبائی دارلحکومت میں آٹے کی طلب کے مطابق فراہمی نہ ہونے سے عوام کو آٹے کی قلت کا سامنا ہے۔مختلف علاقوں کے رہائشیوں نے رابطہ کر کے بتایا کہ 10 کلو آٹے کا تھیلا نایاب ہوگیا ہےجبکہ 20 کلو کا تھیلا طلب کے مطابق فراہم نہ کیا جاسکا۔آٹے کی طلب کے مطابق فراہمی نہ ہونے سے شہری پریشان ہیں، بیشتر علاقوں میں دس کلو کا آٹے کا تھیلا دستیاب نہیں جبکہ بیس کلو آٹے کا تھیلا بھی طلب کے مطابق فراہم نہ کیا جاسکا۔فلور ملز ایسوسی ایشن کےمطابق محکمہ خوراک پنجاب صوبے کی فلور ملز کو یومیہ سرکاری گندم کا کوٹہ 17000 ٹن فراہم کر رہا ہے۔ لاہور میں فلورملز ایک لاکھ تیس ہزار آٹے کے تھیلےشہر میں فراہم کررہی ہیں جبکہ شہر میں آٹے کے 20 کلو کے تھیلےکی طلب دو لاکھ پچاس ہزار ہے، جس کے باعث عوام کو آٹے کی قلت کا سامنا ہے، یوٹیلٹی سٹورز پر بھی آٹے کا 20 کلو کا تھیلا طلب کے مطابق فراہم نہیں کیا جا رہا جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا دستیاب ہی نہیں ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اگر حکومت فلور ملز کے سرکاری گندم کے کوٹے میں اضافہ کرتی ہے تو طلب کے مطابق شہر میں آٹا فراہم کر دیا جائے گا۔