ملک بھر میں پاک فضائیہ نے اپنے تمام ایئربیسز اور تنصیبات پر 7 ستمبر کو یوم شہدا کے طور پر منایاجبکہ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انورخان نے کہا ہے کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج اپنی سرحدوں اورعوام کے تحفظ کیلئے پوری طرح تیار ہیں اور دشمن کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق ائیر چیف یوم فضائیہ کے حوالے سے اسلام آباد میں ہونے والی یوم شہدا کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔سربراہ پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ 7 ستمبر کے تاریخی دن کے موقع پر میں پاک فضائیہ کے ان تمام ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو دشمن کی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئے اور اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے شہدا اور غازیوں کے عزم، ہمت اور جذبہ قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم اپنے پاک وطن پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا تھا کہ بلاشبہ، پاکستان کی بہادر مسلح افواج اپنی سرحدوں اور عوام کی حفاظت کرنا جانتی ہیں اور دشمن کو عبرت ناک شکست سے دو چار کرنے کی بھرپور اہلیت رکھتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وطن کا دفاع، اس کی مضبوطی و سربلندی اور اس کی تعمیر و ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم ان کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے بھی اظہارِیکجہتی کرتے ہیں جو 7 دہائیوں سے ظلم اور تسلط کے خلاف جِدوجہد کررہے ہیں۔ شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پاک فضائیہ کے سربراہ نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پاک فضائیہ کے براہ نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
اس سے پہلے یوم فضائیہ کی مناسبت سے کراچی میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید(نشان حیدر)کے مزار پر بھی پھول چڑھانے کی تقریب ہوئی۔ائر آفیسر کمانڈنگ سدرن ائیر کمانڈ ائر وائس مارشل محمد عباس گھمن نے پاک فضائیہ کے سربراہ کی طرف سے شہیدکے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ پڑھی۔ اسی طرح کی تقریبات ملک بھر میں پاک فضائیہ کے شہدا کے مزارت پر بھی منعقد ہوئیں ۔واضح رہے کہ ارض پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والے پاک فضائیہ کے جانبازوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پیر کو ملک بھر میں یوم فضائیہ منایا گیا،یوم فضائیہ کی مناسبت سے مختلف تقاریب کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں 1965 کی پاک-بھارت جنگ میں ملک کے لیے جان نچھاور کرنے والے شہدائے فضائیہ کو سلام پیش کیا گیا۔یاد رہے کہ 1965کی جنگ میں بری اور بحری افواج کے ساتھ ساتھ فضائیہ نے بھی پاک وطن کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے والے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا تھا۔اس جنگ میں پاک فضائیہ کے پائلٹ محمد محمود عالم (ایم ایم عالم)نے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں بھارتی فضائیہ کے 5 ایم کے 56 طیاروں کو گرا کر تاریخ رقم کی تھی۔ایم ایم عالم کی اس بہادری اور جرات پر انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ جرات سے بھی نوازا گیا تھا۔