لاہور (نامہ نگار+ نیوز رپورٹر) سمن آباد پولیس نے راہگیر خواتین سے چھیڑ خانی کرنے والے اوباش نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم یاسر لاہور کے علاقے اچھرہ کا رہائشی ہے۔ ایس ایچ او سمن آباد عمران انوار نے ملزم کو سی سی ٹی وی کی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار اوباش نوجوان یاسر نے گلی میں سے گزرتی خاتون اور بچی کے ساتھ انتہائی نازیبا حرکت کی اور پھر وہاں سے فرار ہو گیا ہے۔ دوسری جانب ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے کارروائی کے دوران خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزم کو فیصل آباد سے گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے موبائل فون ضبط کر کے ڈیٹا ریکور کرلیا گیا۔ ذرائع ایف آئی اے کے مطابق ملزم ٹک ٹاکر علی حمزہ کے خلاف ایک خاتون نے درخواست دی تھی۔