لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر جیل خانہ جات و ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بلاول وہ بلا ہے جو کراچی سمیت سندھ کو کھا چکی ہے۔ بلاول کے کرپٹ باپ کے پاپ تاریخ میں کالے حروف سے لکھے جا چکے ہیں۔ کراچی سمیت سندھ کی تباہی اور بربادی کی داستانیں بچے بچے کی زبان پر ہیں۔ بلاول یاد رکھے کہ اس کی رگوں میں بھٹو کا نہیں بلکہ مسٹر 10 پرسنٹ کا خون شامل ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سندھ کے سند یافتہ ڈاکوئوں کی پنجاب میں ڈاکہ ڈالنے کی منصوبہ بندی کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔ جنوبی پنجاب کے باشعور اور غیور عوام نے بلاول اور اس کی تانگہ پارٹی کو آئینہ دکھا دیا ہے اور ہر جگہ ناکامی کے بعد یہ لاڈلا جنوبی پنجاب سے بھی ناکامی کا میڈل سجائے واپس جا رہا ہے۔ کرپشن کی بہتی گنگا میں اشنان کرنے والوں کیلئے پنجاب کی سیاست میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول کو اپنے قد کے حساب سے بات کرنی چاہئے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی شرافت، دیانت اور خدمت کی سیاست ان کو کھٹکتی ہے۔ (ن) لیگ سے بھیک مانگنے والے اس لاڈلے کی ذہنی حالت پر ترس آتا ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے اپنے ادوار میں جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا۔ اپنے دور میں الگ صوبہ بنانا تو دور، یہ لوگ جنوبی پنجاب کے فنڈز بھی چوری کرتے رہے۔ تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ قائم کرنے کا اعزاز بزدار حکومت کو حاصل ہوا۔