نااہلوں کے منصوبے‘ جیبیں بھرنے کیلئے تھے‘ سپورٹس کمپلیکس بدترین مثال: شہباز گل

Sep 07, 2021

اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ سپورٹس کمپلیکس منصوبہ اختیارات کا ناجائز استعمال اور اقربا پروری کی بدترین مثال ہے۔ نیب ممبران کے تقرر کیلئے اپوزیشن نام دینے سے قاصر ہے۔ نااہلوں کے منصوبے ملکی ترقی کیلئے نہیں اپنی جیبیں بھرنے کیلئے تھے۔ پیر کو احسن اقبال کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ سپورٹس کمپلیکس منصوبہ اختیارات کا ناجائز استعمال اور اقربا پروری کی بدترین مثال ہے۔ نارووال سپورٹس کمپلیکس آپ کی کرپشن اور ہوس کا شکار ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے سوال کو انتقام سے جوڑنا آپ کی منافقت ہے۔ نیب چئیرمین لگانے والے احتساب سے متنفر کیوں ہیں؟۔ نیب ممبران کے تقرر کیلئے اپوزیشن نام دینے سے قاصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ دھاندلی سے برسرِاقتدار آنے والی جماعت الیکشن اصلاحات سے خائف ہے۔ بونگیاں مارنے اور جھوٹے پروپیگنڈے کی بجائے اصلاحات کا حصہ بنیں۔

مزیدخبریں