بیت المقدس (نوائے وقت رپورٹ+ شنہوا) اسرائیل کی ایک جیل سے 6 فلسطینی قیدی فرار ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی پولیس نے بتایا کہ جیل توڑنے کا یہ انتہائی غیر معمولی واقعہ شمالی اسرائیل میں فلسطینی قیدیوں کیلئے قائم ایک ہائی سکیورٹی قید خانے گلبوا جیل میں رات کے وقت پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ پولیس اور فوج کے دستے شمالی اسرائیل اور اسرائیلی مقبوضہ کنارے میں ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز سے قیدیوں کو تلاش کر رہے ہیں ۔ ان افراد نے زنگ آلود چمچ کے ساتھ کئی مہینے اپنے سیل میں ایک سرنگ کھو دی جس کا دوسرا سرا گلبوا جیل کی دیوار کے دوسری طرف سڑک پر نکلتا ہے۔ فرار ہونے والوں میں عسکریت پسند گروپ الاقصیٰ مارٹینرز بریگیڈ کے ایک سابق رہنما اور اسلامی جہاد کے پانچ اراکین بھی شامل ہیں۔ گلبوا جیل میں جو شمالی اسرائیل کی ایک اعلیٰ سکیورٹی کی جیل ہے اور جسے محفوظ ہونے کی وجہ سے سیف بھی کہا جاتا ہے حکام کو قیدیوں کے فرار کے بارے میں اس وقت پتہ چلا جب مقامی کسانوں نے انہیں بتایا کہ قریبی زرعی کھیتوں میں کچھ مشکوک افراد بھاگتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔ جب جیل کے عملے نے قیدیوں کو گنا تو انہیں پتہ چلا کہ چھ قیدی کم ہیں۔ فلسطینی قیدیوں نے اپنے غسل خانے کے فرش میں سوراخ کرکے وہاں سے باہر نکلنے کا راستہ بنایا تھا۔ سرنگ کا دوسرا سرا بظاہر جیل کے باہر سڑک کے پاس نکلتا ہے۔ ٹائمز آف اسرائیل نے کہا کہ چھ میں سے پانچ قیدی اسرائیلی عوام پر خطرناک حملوں کے سلسلے میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے تھے جبکہ زبیدی پر اقدام قتل سمیت مختلف جرائم کے دو درجن مقدمات ہیں۔ اسلامی جہاد نے جیل سے فرار کو ایک بہادرانہ اقدام قرار دیا ہے جبکہ حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے کہا کہ یہ ایک عظیم فتح ہے جو ثابت کرتی ہے کہ دشمن کی جیلوں کے اندر ہمارے بہادر سپاہیوں کے عزم اور ارادے کو شکست نہیں دی جا سکتی۔