اسلام آباد (این این آئی) پاکستان نے بھارتی قابض افواج کی جانب سے سید علی شاہ گیلانی کے خاندان کو ہراساں کرنے‘ مقدمات اندراج کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت کے استعمال سے روکنے میں کامیاب نہیں ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ سید علی شاہ گیلانی کے خاندان کے ساتھ بھارت کی بدسلوکی اس کے مذموم ایجنڈے کا حصہ ہے۔ کشمیری عوام کا عزم ہر دن مضبوط ہو رہا ہے۔ بین الاقوامی برادری کو اس بے مثال جبر کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔ عالمی برادری بھارت کی مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ بھارت کو اس کے غیر انسانی، غیر منصفانہ اور غیر قانونی اقدامات کا حساب دینا چاہیے۔