بھارت کو شکست ہوئی ، جنرل فیض 2 دن انکے میڈیا پر چھائے رہے : شیخ رشید

اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) شیخ رشید نے کہا ہے کہ کوئٹہ اور گوادر دھماکوں کے خودکش بمبار افغانستان سے آئے۔ جن کی شناخت ہوگئی۔ افغانستان میں بھارت کو سب سے زیادہ منہ کی کھانا پڑی۔ خطے میں افغانستان کی سیاست کا بہت عمل دخل ہوگا۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کوئی پناہ گزین کیمپ ہے نہ بنانے جا رہے ہیں۔ بھارت کو افغانستان میں شکست ہوئی۔ فوج دہشتگردوں سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دنیا کدھر جا رہی ہے۔ اپوزیشن کو سمجھ ہی نہیں، پوری دنیا کے میڈیا میں افغانستان ٹاپ ٹرینڈ ہے۔ بلاول، شہباز شریف، فضل الرحمان کی کوئی سیاست نہیں رہ گئی۔ وہ عقل کے اندھے ہیں جو سمجھ رہے ہیں اسلام آباد جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی دوستی پر فخر ہے۔ سی پیک پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان خطہ کو آگے لے کر جا رہے ہیں۔ افغانستان سے جو لوگ بغیر دستاویز کے آئے ہیں ان کے بارے میں حکومت فیصلہ کرے گی۔ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔ ہم نے دنیا کو ساتھ لے کر معاملات طے کرنے ہیں۔ افغانستان میں امن و امان، استحکام اور ترقی کے ساتھ حکومت بن جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک معاشی ہب  ہے۔ تمام اداروں کو ایک چھت تلے لا رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت کے پیٹ میں درد ہے۔ دو دن تک جنرل فیض ان کے میڈیا پر چھائے رہے۔ مجھے بھارتی میڈیا پر ہنسی آتی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو اندر سے نقصان پہنچا رہا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ساری دنیا کی سیاست کا مرکز افغانستان ہے اور افغانستان 20 دن تک ٹاپ سٹوری ہے جبکہ اپوزیشن ''لاہور، لاہور'' کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مقاصد نظریہ پاکستان سے جڑے ہوئے ہیں۔ ختم نبوتﷺ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن