تجزیہ:محمد اکرم چودھری
برطانوی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان میں ریڈ لسٹ کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے پاکستان کا موقف نہایت غور سنا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ کو تکنیکی بنیادوں پر بریفنگ دی گئی ہے۔ پاکستان نے برطانیہ کے سامنے اپنا موقف نہایت واضح اور منطقی انداز میں پیش کرتے ہوئے ثابت کرنے کی کوشش کی ہے پاکستان کو مسلسل ریڈ لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ مناسب نہیں ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان ریڈ لسٹ سے نکلنے کے قریب پہنچ چکا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ سے ہونے والی گفتگو اور انہیں پیش کیے جانے والے اعداد و شمار کے بعد پاکستان پر عائد سفری پابندیاں جلد ختم ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی افغان پالیسی کی وجہ سے بھی دنیا کے اہم ممالک پاکستان کو سہولت دینے کی حکمت عملی اختیار کرنے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ برطانیہ کے وزیر خارجہ کے دورے کی ٹائمنگ اس حوالے سے نہایت اہم ہے۔ افغانستان میں طالبان کی واپسی اور برطانیہ کی وہاں دلچسپیوں اور پاکستان کے کردار کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ ڈومینک راب کے اس دورے سے پاکستان کو ایک سے زائد اچھی خبریں مل سکتی ہیں۔
پاکستان ریڈلسٹ سے نکلنے کے قریب ، سفری پابندی ختم ہونئے کا امکان
Sep 07, 2021