کرونا، 57 اموات ، پمز میں مریضوں کی بھرمار پر ہائی الرٹ، 5 ہزار 606  مریض تشویشناک 

اسلام آباد/ لاہور (نامہ نگار+ وقائع نگار+ سٹی رپورٹر+آئی این پی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 3 ہزار613 کیسز سامنے آئے ہیں۔ مزید57  افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔ اس کے مزی3 ہزار438 مریض شفایاب ہو گئے۔ جبکہ مثبت کیسز کی شرح 6 اعشاریہ 32 فیصد لاہور میں 10.5 میں ہو گئی۔ پاکستان بھر میں کرونا وائرس کے اب تک26 ہزار232 مریض انتقال کر چکے ہیں۔ جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد11 لاکھ82 ہزار 918  ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کرونا وائرس کے 92 ہزار367  مریض زیرِ علاج ہیں۔ جن میں سے5 ہزار606  مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ جبکہ 10 لاکھ 64 ہزار619  مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔ پنجاب میں وائرس کے اب تک 4 لاکھ 3 ہزار157 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ جبکہ یہاں کل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں۔ جو12 ہزار66  ہو چکی ہیں۔ کراچی میں کرونا سے بچائو کیلئے تعلیمی اداروں میں 17 سال اور اس سے زائد عمر طلبہ کی ویکسینیشن کا آغاز کر دیا گیا۔ محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے تعلیمی اداروں میں طلبہ کو کرونا ویکسین لگانے کا آغاز ہو گیا۔ محکمہ صحت نے نویں تا بارہویں جماعت کے بجائے 17 سال اور زائد عمر کے طلبہ کو ویکسین لگانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق نجی سکولوں  میں والدین کی نمائندہ تنظیموں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا۔ جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہائر سیکنڈری سکول و کالجز میں محکمہ صحت کے عملے کے ساتھ ویکسین کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ اسلام آباد کے پمز ہسپتال نے کرونا کے بڑھتے مریضوں کی وجہ سے ہائی الرٹ جاری کر دیا۔ جس میں کہا گیا ڈاکٹرز، نرسز سمیت عملے کو غیر ضروری چھٹیاں نہیں ملیں گی۔ ترجمان پمز نے کہا کہ 24 گھنٹے میں کرونا کے 7 مریض انتقال کر گئے۔ ہسپتال میں 11 کرونا کے مریض وینٹی لیٹر پر اور مختلف وارڈز میں کرونا کے 150 مریض زیرعلاج ہیں۔ صوبائی وزیر ملک نعمان احمد لنگڑیال کرونا کا شکار ہو گئے۔ ملک نعمان احمد لنگڑیال کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا۔ انہوں نے دوست احباب اور حلقہ کے عوام سے دعا کی اپیل کی ہے۔ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ کی خصوصی کاوشوں سے صوبہ بھر میں ویکسی نیشن مہم کامیابی سے اپنے اہداف حاصل کرنے کی طرف گامزن ہے صوبہ بھر میں کرونا کی بڑھتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر مختلف سیکٹرز کے لئے سپیشل ایس او پیز جاری کر دیئے ہیں۔ پنجاب بھر میں ویکسی نیشن کا ایک نیا ریکارڈ روزانہ کی بنیاد پر مسلسل ریکارڈ  ویکسی نیشن ہو رہی ہے۔  17 سال سے زیادہ عمر کے تمام افراد کا فوری طور پر ویکسین لگوانا ناگزیر ہے۔ اس وقت مجموعی طور پر 662 ویکسی نیشن سینٹرز کام کر رہے ہیں۔ صوبہ بھر  کے تمام ویکسی نیشن سینٹرز پر ویکسی نیشن مہم کامیابی سے جاری ہے۔ پنجاب سمیت ملک بھر میں کرونا کی شدت کے پیش نظر محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کی بندش کے باعث پنجاب پبلک سروس کمیشن نے بھرتیوں کے انٹرویوز منسوخ کر دیئے۔ 6 ستمبر سے لے کر گیارہ ستمبر تک ہونے والے تمام انٹرویوز منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔ محکمہ ٹرا نسپورٹ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ حکومت کی جانب سے انٹر سٹی ٹرانسپورٹ سروس کی معطلی کی بناء پر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کیونکہ انٹرویوز کے لئے پورے پنجاب سے امیدوار شامل ہوتے ہیں۔ دریں اثناء بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری اور کوچنگ سٹاف کے تین دیگر ممبران  کرونا مثبت آنے کے باعث انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ سے محروم رہیں گے۔ یہ تمام انگلینڈ کے خلاف 10 ستمبر سے شرع ہونے والے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ کے لئے باقی سکواڈ کے ہمراہ مانچسٹر روانہ نہیں ہو سکیں گے۔

ای پیپر دی نیشن